پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے کامونکی میں تحریک انصاف کے مارچ کی کوریج کے دوران کنٹینرسے گر کر جاں بحق ہونے والی چینل فائیو کی رپورٹر صدف نعیم کی ناگہانی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے-صدر پی ایف جے جی ایم جمالی اور سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم نے صدف نعیم کی حادثاتی موت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ صدف نعیم کی موت ایک بڑا نقصان ہے ہماری پہلی ترجیح ان کے اہل خانہ کی دیکھ بھال ہے انہوں نے پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر شہزاد حسین بٹ ‘جنرل سیکرٹری شاہد چوہدری اور کامونکی کے مقامی صحافیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدف نعیم کے جسد خاکی کو ہسپتال پہنچانے سے لاہور بجھوانے تک کے تمام مراحل میں انہوں نے جس محنت سے کام کیا ہے وہ قابل تحسین ہے-سیکرٹری جنرل پی ایف یوجے رانا محمد عظیم نے بتایا کہ انہوں نے پنجاب حکومت نے رابط کرکے صدف نعیم کے بچوں کی پرورش کے لیے امدادی رقم پچیس لاکھ سے بڑھا کر پچاس لاکھ کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ پی ایف یوجے اپنے فنڈزسے دس لاکھ روپے دے گی -پی ایف یوجے نے وفاقی حکومت کی جانب سے صدف نعیم کے لیے پچاس لاکھ روپے دینے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے چینل فائیو کی جانب سے صدف نعیم کے بچوں کی کفالت کے لیے اعلان جلد سامنے آئے گا۔۔