وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور معروف اینکر پرسن ریحام خان نے پاکستان پہنچنے کے چند دن بعد ہی الیکشن لڑنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب پاکستان میں رہنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور عوام کے مسائل کو اجاگر کریں گی،جو بدترین مہنگائی اور خراب حکمرانی کا شکار ہیں،اختیارات دینے والی کسی فاتح پارٹی کی طرف سے پیشکش ہوئی تو الیکشن لڑنے میں دلچسپی لوں گی۔لاہورپریس کلب کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ میں صرف پریس کلب کا وزٹ کرنے اور صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لئے لاہور آئی ہوں ،کیونکہ ساڑھے تین سال سے صحافت کے لئے بہت مشکل وقت رہا ہے، لاہور چونکہ حب ہے سیاست کا بھی اور صحافت کا بھی ،صحافت کی جو بھی اتھارٹیز ہیں وہ یہاں پر بیٹھتی ہیں ،آگے بھی بڑا مشکل وقت آئے گا لیکن آپ لوگوں نے گھبرانا نہیں ہے،ایف آئی آرز کٹیں گی ،ایف آئی اے پیچھے پڑے گی ،کورٹ کیسز ہوں گے ،گولیاں کھائیں گے ،میں صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہوں کیونکہ پاکستان کو ہم نے بچانا ہے،اگر آج ہماری زبان بندیہ ہو جائے گی تو آپ کو پتا ہے کہ یہاں صحافی ہی ہے جو ایوان میں بل پڑھ کر جاتا ہے ،اراکین پارلیمنٹ تو بل بھی نہیں پڑھ کر جاتے ،انہیں تو پتا بھی نہیں ہوتا کہ سیالکوٹ میں کیا ہوا اور بہاولپور میں کیا ہوا ؟اگر ہمیں چپ کرا دیا گیا تو انہیں کون جگائے رکھے گا ؟۔ریحام خان کاکہناتھاکہ پاکستان واپسی کےبعداب میں اپنےگاؤں میں اپنےعوام کےدرمیان رہناچاہتی ہوں ،میرا یہ مسئلہ نہیں ہےکہ میں مستقل طور پر اسلام آباد میں رہوں ،میں سمجھتی ہوں کہ گراؤنڈ سے عوام کے جو مسائل ہیں پر توجہ دی جائے ،جہاں بھی کوئی عوامی مسئلہ درپیش ہوا ،آپ مجھے وہاں موجود پائیں گے اور ان کی نمائندگی کرتے ہوئے دیکھیں گے ،عوام کے جو نمائندے ہیں ،انہیں آگے سیاست میں لایا جائے گا ۔
