حکمران سیاسی جماعت اور عہدیداروں نے ایک بار پھرمعروف اینکرپرسن عاصمہ شیرازی کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا ہے۔ایک ٹویٹ میں، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطے ڈاکٹر شہباز گل نےعاصمہ شیرازی اور ان کی ‘بدبودار صحافت’ کو نشانہ بنایا، اور یہ دعویٰ کیا کہ انہوں نے دوسری خواتین پر حقارت کے ساتھ ‘حملہ’ کیا۔حکمراں جماعت کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے پوسٹ کرتے ہوئے پی ٹی آئی نے عاصمہ شیرازی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ستم ظریفی ہے کہ آپ کو صرف ایک تبصرہ سے تکلیف ہوئی جب کہ آپ نے (ایک خاتون ہونے کے ناطے) اپنے لکھے ہوئے مضمون میں ایک خاتون کو نشانہ بنایا، یہ انتہائی منافقانہ ہے۔۔خاتون اینکرپرسن عاصمہ شیرازی نے اپنے خلاف جاری مہم کے بارے میں کہا ہے کہ ۔۔ ہم نے آزادی اظہار کے لیے جدوجہد کی اور ہم کریں گے۔۔یہ کام کوئی آمر کرسکا نہ ہی یہ شکاری حکومت۔۔نجم سیٹھی، انصار عباسی اور مشرف زیدی سمیت کئی نامور صحافیوں نے حکمران جماعت کی جانب سے خاتون صحافی کو سرعام ٹرول کرنے اور ہراساں کیے جانے کی مذمت کی۔ انہوں نے عالمی میڈیا اداروں سے نوٹس لینے اور احتجاج کرنے کا مطالبہ کیا۔
