راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے اینکر پرسن بتول راجپوت کو رکن قومی اسمبلی کنول شوزب کی طرف سے اپنے گھر یرغمال بنا کر حراساں کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ آر آئی یو جے کے صدر عابد عباسی، جنرل سیکرٹری طارق علی ورک، فنانس سیکرٹری کاشان اکمل اور مجلس عاملہ کے اراکین نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے وتیرہ بنا لیا ہے کہ وہ آئے روز صحافیوں کو دھمکیاں دیتے ہیں جو افسوسناک رویہ ہے جس کو کسی طور پر برادشت نہیں کیا جاسکتا۔ بتول راجپوت کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کنول شوزب نے انٹرویو مکمل ہونے کے بعد مجھے روک کر کہا کہ ان سے کچھ غلط کہا گیا ہے اور ریکارڈ پروگرام مجھے دیں ورنہ آپ کو یہاں سے جانے نہیں دیا جائے گا۔ کنول شوزب نے اپنے گارڈ کو بلا کر مجھے اور میری ٹیم کو یرغمال بنا لیا اور ریکارڈنگ ڈیلیٹ کرنے کیلئے دباؤ ڈالتی رہیں آر آئی یو جے کی قیادت نے کہا کہ یہ افسوسناک واقعہ آزادی صحافت پر حملہ ہے۔
