بلوچستان کے علاقے تربت میں معروف سماجی کارکن، آرٹسٹ اور ٹی وی میزبان شاہینہ شاہین کو پراسرار طور پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو ایک شخص زخمی حالت میں ا سپتال چھوڑ کر فرار ہو گیا، واقعہ گھریلو ناچاکی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ایس ایس پی کیچ نجیب اللّٰہ پندرانی نے بتایا کہ محراب نامی شخص اپنی گاڑی میں شاہینہ شاہین کو زخمی حالت میں اسپتال چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا، انہیں دو گولیاں لگی تھیں جن کے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ اسپتال میں جاں بحق ہوگئیں۔پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ان کے ماموں کے حوالے کردی ۔شاہینہ شاہین بلوچ پی ٹی وی بولان میں مارننگ شو کی میزبان تھیں جبکہ بلوچی میگزین “دزگہار” کی ایڈیٹر اور ایک فنکارہ بھی تھیں۔ شاہینہ شاہین بلوچ صنفی مساوات پر یقین رکھتی تھیں اور انہوں نے بلوچستان میں خواتین کے استحکام کے لئے مہم چلائی تھی۔پولیس کے مطابق شاہینہ شاہین کو تربت میں قتل کیا گیا، مقتولہ شاہینہ شاہین بلوچ کو تین گولیاں لگی ہیں،اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔دریں اثنا صحافی اور سماجی کارکن شاہینہ شاہین بلوچ کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ایس پی کیچ نجیب پندرانی نے کہا کہ مقدمہ تربت تھانے میں شاہینہ شاہین کے ماموں نے درج کرایا، مقدمہ میں شاہینہ شاہین کے شوہر محراب کو نامزد کیا گیا ہے۔مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے نائن ایم ایم پستول سے بیوی شاہینہ شاہین پر فائرنگ کی۔ایف آئی آر کے مطابق شاہینہ شاہین کی لاش اسپتال پہنچا کر ملزم فرار ہوگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔
خاتون اینکر کو شوہر نے قتل کردیا، مقدمہ درج۔۔
Facebook Comments