راولپنڈی اسلام آباد یونین اف جرنلسٹس نے روزنامہ جموں و کشمیر کے چیف ایڈیٹر عامر محبوب سمیت دیگر تمام ذمہ داران کے خلاف خبروں کی اشاعت پر مقدمہ درج کروانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔راولپنڈی اسلام آباد یونین جرنلسٹ کے صدر طارق علی ورک،جنرل سیکرٹری اصف بشیر چوہدری،فنانس سیکرٹری ندیم چوہدری اور دیگرعہدے داروں کا کہنا تھا کہ روزنامہ جموں و کشمیر کی انتظامیہ کے خلاف وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق اور وزیر داخلہ وقار نور کی ایما پر مقدمہ درج ہوا ہے اس مقدمے میں روزنامہ جموں کشمیر کے چیف ایڈیٹر عامر محبوب، گروپ ایڈیٹر راجہ کفیل احمد، ایڈیٹر شہزاد راٹھور اور دیگر صحافتی عملے کو ملزم قرار دیا گیا ہے آر آئی یو جے اس ایف آئی آر کو آزادی صحافت پر کھلا حملہ اور بزدلانہ کارروائی قرار دیتی ہے۔یہ مقدمہ ریاستی طاقت کے ناجائز استعمال کی بدترین مثال ،سراسر ذاتی انتقام اور ذہنی اذیت پہنچانے کی کوشش ہے۔عامر محبوب اور ان کے ادارے کاخبر دینا “جرم”بنادیا گیا ہے۔۔روزنامہ جموں کشمیر کیساتھ روزنامہ سٹیٹ ویوز، سٹیٹ ویوز ڈیجیٹل، روزنامہ دی کوٹلینز اور ڈیلی فریڈم پوسٹ کو بھی پچھلے 20 ماہ سے سرکاری اشتہارات سے محروم رکھ کر معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔آر آئی یو جے مطالبہ کرتی ہے کہ روزنامہ جموں کشمیر کے خلاف ایف آئی آر فوری واپس لی جائے۔تمام صحافتی اداروں پر عائد معاشی پابندیاں ختم کی جائیں اور صحافیوں کو آزادانہ پیشہ ورانہ امور کی ادائیگی کی مکمل ضمانت دی جائے۔آر آئی یو جے کی قیادت نے کہا کہ اگر ایسے آمرانہ ہتھکنڈے بند نہ کیے گئے تو جلد احتجاجی لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔