کراچی ڈیسک ایڈیٹرز ایسوسی ایشن (کیڈیا ) کے وفد نےکراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران سے ملاقات کی اور انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر چیئرمین کیڈیا ذاکرعلی اعوان نے صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی کو ڈیسک ایڈیٹرز کے مسائل سے آگاہ کیا۔ چیئرمین کیڈیا کا کہنا تھا کہ ڈیسک ایڈیٹرز کی بڑی تعداد طویل صحافتی کیرئیر کے باوجود تاحال پریس کلب کی ممبرشپ کے منتظر ہیں۔ نومنتخب باڈی ترجیحی بنیادوں پر تمام سینئر صحافیوں کی ممبرشپ کو یقینی بنائے۔ کیڈیا کے وفد نے تربیتی ورکشاپس، ایکریڈیشن کارڈ کی اسکروٹنی کمیٹی کی تشکیل نو اور پریس کلب کی کمیٹیوں میں نمائندگی سمیت دیگر اہم معاملات پر بات کی۔ صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی اور سیکریٹری رضوان بھٹی نے ڈیسک ایڈیٹرز کے تمام مسائل کے حل کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔۔ اجلاس میں پریس کلب کی جانب سے صدر اور سیکریٹری کے علاوہ ممبر گورننگ باڈی وحید راجپر ، فاروق سمیع اور سابق سیکریٹری عامر لطیف موجود تھے۔ جبکہ کیڈیا وفد میں چیئرمین کی سربراہی میں ساحر بلوچ، عبدالرحمان بیگ،شمس الواحد اور فاروق احمد شامل تھے۔
