کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر عارف نظامی اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے اپنے مشترکہ بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں میڈیا پر عائد بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق وادی میں موبائل فون، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس سمیت رابطوں کے تمام ذرائع پر عائد بندش سے صحافی شدید مشکلات کا شکار ہیں ، یہ بندش انسانی حقوق اور جمہوریت کی روح کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ اور مختلف تنازعات کے دوران بھی صحافیوں کو اپنا کام کرنے کی اجازت ہوتی ہے، تاہم بھارتی حکام نے اخبارات کی اشاعت پر بھی پابندی عائد کی ہوئی ہے جو کہ آزادی صحافت پر حملہ ہے۔ عارف نظامی اور ڈاکٹر جبار خٹک کا مزید کہنا تھا کہ سی پی این ای کشمیری میڈیا کے ساتھیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور وادی میں جاری میڈیا پر عائد پابندیوں کو بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی سمجھتی ہے۔ اس طرح کے اقدامات کو کسی بھی طریقے سے جائز قرار دنہیں دیا جا سکتا۔ سی پی این ای کے رہنماؤں نے آزاد میڈیا اور آزادی اظہار رائے کے لئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور شخصیتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں میڈیا اور صحافیوں کے لئے ماحول سازگار بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریںتاکہ وہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کر سکیں۔
مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندی، سی پی این ای کی تشویش۔۔
Facebook Comments