کراچی ٹیسٹ جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو اسٹریم ہونے کی پی سی بی نے تحقیقات شروع کردیں جب کہ ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی کے مطابق جیسے ہی ذمہ داران کا علم ہوا ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔حیران کن طور پر دوسرے دن کا کھیل بھی مذکورہ سائٹ پر نشر ہوتا رہا، جس پر لوگ شرطیں لگاتے رہے،ویڈیو کی بائیں جانب پی سی بی کا لوگو تک موجود ہے، یہ ویب سائٹ بغیر وی پی این کے پاکستان سے بھی کھولی جا سکتی ہے۔رابطے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں،انھوں نے کہا کہ ہمارا اسپانسر شپ معاہدہ نیوز ویب سائٹ اسکائی ٹوفورٹی سیون سے ہے، اس کے پیج پر منگل کو بیٹنگ سائٹ کا لنک آنے کی ہم نے نشاندہی کر دی تھی، اب وہاں ایسا کوئی اشتہار موجود نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق بیٹنگ ویب سائٹ پی سی بی کے اسپانسر ادارے کی ہی ہے،البتہ سمع الحسن برنی کے مطابق اسپانسر ادارے کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے، انھوں نے ایک بار پھر سابقہ موقف دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوانین کے تحت بیٹنگ اور الکوحل کی کمپنیز کرکٹ ایونٹس کو اسپانسر نہیں کر سکتیں،ہم اس پر مکمل عمل کرتے ہیں۔یاد رہے کہ گذشتہ برس پی ایس ایل5کے میچز بھی ایک جوئے کی ویب سائٹ پر لائیو اسٹریم ہوئے تھے۔جس پر پی سی بی نے سخت ایکشن لینے کی یقین دہانی کرائی لیکن معاملہ معافی پر ختم ہوگیا تھا۔۔
