سندھ کی وزیر محکمہ ترقی نسواں شاہینہ شیر علی نے کہا ہے کہ خواتین صحافیوں اور کراچی پریس کلب کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، کراچی پریس کلب خواتین صحافیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کررہا ہے ۔یہ ملک کا واحد پریس کلب ہے جس میں خواتین صحافیوں کو نہ صرف بڑی تعداد میں ممبر شپ دی گئی ہے بلکہ ان کے لیے ایک خصوصی وومن کمپلیکس بھی تعمیر کیا گیا ہے جس سے خواتین کی اہمیت اجاگر ہورہی ہے،کراچی پریس کلب آزادی اظہار رائے، جمہوریت کے تحفظ اور مظلوم طبقات کی داد رسی کا مرکز ہے،جب ظلم ، جبر اور نا انصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے اور احتجاج کرنے پر پابندی لگائی جاتی ہے تو کراچی پریس کلب وہ واحد ادارہ ہے جو مظلوموں کی ترجمانی کرتا ہے اور ان کی آواز بنتا ہے، جمہوریت کی بقا اور جمہوری عمل کے تحفظ کے لئے اٹھنے والی تمام تحریکوں کا مرکز کراچی پریس رہا ہے، ہم کراچی پریس کلب کے شاندار ماضی اور قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ کی ارکان خواتین کی خصوصی دعوت پر کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر کیا ۔کراچی پریس کلب آمد پر شاہینہ شیر علی کا استقبال کلب کے صدر سعید سربازی،سیکریٹری شعیب احمد،مجلس عاملہ کی رکن شازیہ حسن ، مونا صدیقی ،بلقیس جہاں ،معراج فاطمہ ،شہر بانو ، رباب ابراہیم ،فہمیدہ یوسفی ،سمعیہ خورشید ،گورننگ باڈی کے ممبر نواب قریشی ،جاوید رانا ،شعیب احمد ،کے یو جے دستور کے صدر حامد الرحمن اور دیگر اراکین نے کیا۔شاہینہ شیر علی کی بحیثیت صوبائی وزیر کے پریس کلب کا پہلا دورہ کرنے پر مونا صدیقی نے افتتاحی کلمات کیساتھ خوش آمدید کیا۔ صدر پریس کلب سعید سربازی نے صوبائی وزیر کے آمد کر سراہتے ہوئے تاریخی پریس کلب کی متعلق بریفنگ دی ۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ حق و انصاف کی سربلندی، جمہوری اقدار کے فروغ اور مثبت و تعمیری صحافت کے فروغ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب نے صحافت اور اخبار نویسوں کے مسائل کو حل کرانے کے لئے بہت منظم اور مربوط انداز میں کام کیا۔ ملک میں آزادی صحافت کی تمام بڑی اور اہم جدوجہد کیلئے کلیدی نوعیت کا کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیاہے۔سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ کراچی پریس کلب ملک کا واحد کلب ہے جہاں خواتین کو سب سے زیادہ ممبر شپ دی گئی ہے اور رواں سال کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کی تاریخ میں پہلی بار چھ خواتین کو گورننگ باڈی کا رکن منتخب کیا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ کلب نے ہمیشہ خواتین کو ترجیح دی اور وومن کمپلیکس تعمیر کیا گیا۔صحافی خواتین کے مسائل اور ان کے حل کے لئے صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی خصوصی طور پر اپنا کردار ادا کریں ۔انہوںنے کہا کہ ۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب نے پریشان حال کارکنوں کو عملی جدوجہدکی راہ بھی دکھائی ہے ۔مونا صدیقی نے کہا کہ کراچی پریس کلب کا شمار ملک کے ان اداروں میں ہوتا ہے جو آزادی اظہار رائے کا ایک استعارہ سمجھے جاتے ہیں اور جہاں صنفی مساوات کا عملی مظاہرہ دیکھنے میں آتا ہے ۔کراچی پریس کلب کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ خواتین صحافیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے نہ صرف مختلف پروگرامز کرائے جائیں بلکہ ان کے لیے ایک ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں وہ اطمینان کے ساتھ اپنی فرائض کی انجام دہی کرسکیں ۔صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی نے کراچی پریس کلب کے دورے کی خصوصی دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے خطاب میں صدر،سیکریٹری اورپریس کلب میں خواتین ممبران کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہااورمستقبل میں خواتین صحافیوں کے مسائل پربات کرنے اور ان کے حل کئے جانے کی یقین دہانی کروائی۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب کا ملک میں آزادی اظہار رائے اور جمہوریت کی مضبوطی میں اہم کردار رہا ہے ۔کراچی پریس کلب نے ہمیشہ ملک میں آمریت کے خلاف جدوجہد کی اور یہ ادارہ جمہوریت پسندوں کے لیے ایک پناہ گاہ کا کردارادا کرتا رہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ کراچی پریس کلب خواتین صحافیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی کمپلیس بھی تعمیر کیا ہے ۔محکمہ ترقی نسواں کی جانب سے خواتین صحافیوں اور کراچی پریس کلب کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کو کراچی پریس کلب کی جانب سے شیلڈ ،اجرک اور گلدستہ پیش کیا گیا۔تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر نے شاہدہ قاضی وومن کمپلیکس کا دورہ کرتے ہوئے موجودہ مجلس عاملہ کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کیا اور مستقبل میں پریس کلب آنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔