karachi press club ki press club aetraf ke raasto ki bandish

کراچی پریس کلب کی پریس کلب اطراف کے راستوں کی بندش۔۔۔۔

کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ نے کراچی پریس کلب اطراف کے راستوں کی بندش پر سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 19 ہر شہری کو اظہارِ رائے آزادی کی دیتا ہے۔انتظامیہ فوری طور پر کراچی پریس کلب کے راستوں کی بار بار بندش کا نوٹس لے، بصورت دیگر ہم بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔اپنے جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی ایک شاندار تاریخ ہے اور 1958 سے کراچی پریس کلب آزادی صحافت اور جمہوریت کا علمبردار ہونے کے ساتھ ساتھ مظلوموں اور محروموں کی آواز بن رہا ہے، پریس کلب کے راستے بند کرکے انفرادی یا اجتماعی طور پر احتجاج کے حق سے محروم کرنے کی کسی بھی کوشش کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب کے راستوں کی بندش آزادی اظہار رائے کے جمہوری حق کو سلب کرنے اور جمہوری اقتدار پر شب خون مارنے کے مترادف ہے ۔ انتظامیہ کا یہ عمل آمریت کے دور کی عکاسی کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پریس کلب مظلوموں کی آواز اور انکی داد رسی کا مرکز ہے، اگر احتجاج کے حق کو سلب کرنے اور احتجاج کے لئے کراچی پریس کلب آنے والوں کو روکا جائے گا تو اس سے انارکی کو فروغ ملے گا اس لئے انتظامیہ کو ہوش کے ناخن لینا چاہیے اور ایسا کوئی عمل نہیں کرنا چاہیے جو جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کی راہ میں رکاوٹ بنے۔انہوں نے سندھ حکومت سے کراچی پریس کلب کے راستوں کی بار بار بندش کا فوری نوٹس لینے اور انتظامیہ اور پولیس کے اس رویے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے متنبہ کیا کہ اگر یہ عمل روکا نہ گیا تو بھرپور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں