کراچی پریس کلب کی منتقلی غیرسنجیدہ تجویز ہے، پی ایم سی۔۔

 پاکستان میڈیا کونسل نے کراچی پریس کلب کو ریڈ زون سے منتقل کرنے کی صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی تجویز کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔ یہ تجویز نہ صرف غیر سنجیدہ ہے بلکہ صحافت کے بنیادی مراکز کے خلاف ایک کھلی چال ہے۔ میاں خرم شہزاد، مرکزی کوآرڈینیٹر پاکستان میڈیا کونسل نے اپنے بیان میں کہا کہ “کراچی پریس کلب” کی منتقلی ایک ناقابل عمل اور غیر سنجیدہ تجویز ہے۔ “سی ایم ہاؤس، گورنر ہاؤس، سندھ اسمبلی، اور دیگر اہم ادارے بھی ریڈ زون میں واقع ہیں۔ اگر پریس کلب کو منتقل کیا جا سکتا ہے تو پھر کیا ان اداروں کو بھی منتقل کر دیا جائے؟امجد انصاری، نائب صدر کراچی چیپٹر نے کہا “پریس کلب صرف ایک عمارت نہیں بلکہ صحافیوں کا مسکن، مرکز اور دل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسے منتقل کرنے کا سوچنا بھی صحافت پر حملہ ہے۔” پاکستان میڈیا کونسل واضح کرتی ہے کہ کراچی پریس کلب کا موجودہ مقام تاریخی، پیشہ ورانہ اور علامتی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں سے سینکڑوں صحافی برسوں سے آزاد صحافت کا علم بلند کرتے آئے ہیں۔ اس عمارت کو بدلنے کی کوشش گویا صحافیوں کے دل کی دھڑکن روکنے کے مترادف ہے۔ ہم حکومت سندھ کو متنبہ کرتے ہیں کہ اس نوعیت کی کسی بھی تجویز کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی گئی تو نہ صرف کراچی بلکہ ملک بھر کے صحافی سخت مزاحمت کریں گے، اور اس کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا۔ پاکستان میڈیا کونسل اس فیصلے کی بھرپور مخالفت کرتی ہے اور مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اپنا بیان فی الفور واپس لیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں