ایڈیشنل انسپکٹر جنرل عمران یعقوب منہاس نے سیکنڈ ہینڈ موبائل فونز کے پرزوں کی فروخت کو ریگولیٹری فریم ورک میں لانے پر زور دیا ہے، جو بڑھتے ہوئے راہزنی کے انتہائی سنگین مسئلے سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگا، ہم اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے تباہی کے دہانے پر پہنچ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کے سی سی آئی زبیر موتی والا، وائس چیئرمین بی ایم جی جاوید بلوانی، جنرل سیکریٹری بی ایم جی اے کیو خلیل، صدر کے سی سی آئی محمد ادریس، سینئر نائب صدر عبدالرحمن نقی، نائب صدر قاضی زاہد حسین، سابق صدور سعید شفیق، مجید عزیز، یونس محمد بشیر، شمیم احمد فرپو، پی سی ایل سی چیف حفیظ عزیز ودیگر نے بھی شرکت کی۔ کراچی پولیس چیف نے سوشل میڈیا کو خطرہ اور لعنت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا میں زیر گردش مواد کا بڑا حصہ غیر تصدیق شدہ رپورٹنگ پر مبنی ہوتا ہے جو عوام کے اعصاب سے کھیلتا ہے ، لہٰذا اسے بھی کنٹرول کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کراچی چیمبر کی تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ تمام سوشل میڈیا سائٹس کو ریگولیٹ کرنے کے لیے مضبوط آواز اٹھائے۔
