مرکزی انجمن اخبار فروشان کراچی نے شہر میں تمام اخبار اسٹالز کھولنے کا اعلان کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی انجمن اخبار فروشان کراچی کی جانب سے کراچی میں اخبارات کے اسٹالوں کی بحالی کیلئے کراچی پریس کلب میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سی پی این ای کے جوائنٹ سیکرٹری عامر محمود، جوائنٹ سیکرٹری عارف بلوچ، صدر پریس کلب امتیاز فاران، جنرل سیکرٹری ارمان صابر، پیپ کے جنرل سیکرٹری آصف جئے جا، چیئرمین سندھ کمیٹی غلام نبی چانڈیو، انفارمیشن سیکرٹری عبدالرحمٰن منگرو ، اسٹنڈنگ کمیٹی بشیر احمد، کے یو جے کے شمس کیریو، نعمت اللہ بخاری، رفیق بلوچ، مرکزی انجمن اخبار فروشان کے صدر محمد اقبال نون، جنرل سیکرٹری حمید ڈاڈا، شفیق ،ناصر نثار مشتاق میمن نے شرکت کی۔ اجلاس میں اخباری صنعت سے وابستہ مسائل پر ملکر جدوجہد کرنے اور ملکر چلنے کا فیصلہ کیا گیاجس پر مرکزی صدر مسرور اقبال نون، جنرل سیکرٹری حمید ڈاڈا نے کہا کہ ہم تمام صحافتی تنظیموں، مالکان اخبارات، سیکرٹری جنرل آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن ٹکا خان عباسی ، وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان، اے پی این ایس کے صدر سرمد علی ،سی پی این ای کے اعجاز الحق، چیف سیکرٹری سندھ، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی غلام نبی میمن، وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی اورتنظیموں اور لوگوں کا کراچی میں اخبارات کے اسٹالوں کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کراچی میں اخبارات کے اسٹالوں کو کھولنے کا اعلان کرتے ہیں۔دریں اثناآل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے کراچی میں اخبارات کے اسٹالز کو مسمار کرنے کے اقدامات کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ یہ اخبارات کو تباہ کرنے کی سازش اور ہزاروں لاکھوں اخبار فروشوں اور اخباری صنعت کے کارکنوں کو بیروزگار کرنے کی ایک گھنائونی کوشش ہے۔ ان اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کچھ عناصر ان اقدامات سے اپنے کچھ مخصوص مفادات حاصل کرنا چاہتے اور اخباری صنعت میں بے چینی پیدا کر کے ملک بھر میں افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں۔ ٹکا خان نے وفاقی حکومت‘ سندھ حکومت اور میئر بلدیہ سے کہا کہ اس سازش کے پیچھے چھپے عناصر کو بے نقاب کیا جائے اور اخباری صنعت کی بے چینی اور ملک بھر کے ایک لاکھ اخبار فروشوں میں حکومت کیخلاف جو غلط تاثر پیدا ہوا‘ اسے دور کیا جائے۔
کراچی میں تمام اخباری اسٹالز کھل گئے۔۔
Facebook Comments