سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی کےصحافیوں کو پلاٹس کی فراہمی کا معاملہ فوری حل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔کراچی پریس کلب کے وفد کی نو منتخب صدر فاضل جمیلی کی سربراہی میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، گورننگ باڈی کے ممبران حفیظ بلوچ، حماد حسین، مونا صدیقی شریک تھے۔ ملاقات کے موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی پریس کلب کی نو منتخب باڈی کو کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران کراچی پریس کلب کے وفد نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو صحافیوں اور پریس کلب کے صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی پریس کلب اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے فوری ہدایات جاری کیں ۔ ملاقات کے موقع پر بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ اور کراچی پریس کلب کے ساتھ تعاون ہر دور میں انمول رہا ہے، اظہار رائے کی آزادی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے کراچی پریس کلب کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت صحافیوں کی اپنی حکومت ہے، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام کیا ہے، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں اظہار رائے کی آزادی یقینی بنانے کے لئے کردار ادا کیا ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جو کام پریس کلب کی پچھلی باڈی کے دور میں رہ گئے ہیں ان کو موجودہ باڈی کیساتھ ملکر پایہ تکیل تک پہنچایا جائے، صحافیوں کو پلاٹس کی فراہمی کا کام جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتے ہیں تاکہ صحافی بھائیوں کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ہاؤسز کے چیلنجز سے آگاہ ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ ہر دور میں میڈیا ہاؤسز کو ریلیف دینے کے لئے کوشاں رہی ہے، کراچی پریس کلب کی پیشورانہ اپگریڈیشن میں حکومت سندھ ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ ملاقات کے موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو مجوزہ انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس سے متعلق آگہی دی ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی پریس کلب کے صدر کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت سندھ مجوزہ انٹرنیشل میڈیا کانفرنس کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ ملاقات کے دوران سیکرٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، ڈی جی اطلاعات سلیم خان، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ محمد یوسف کابورو، سارنگ لطیف چاندیو بھی موجود تھے۔