ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز ( ایمنڈ ) نے کراچی دھماکے کی کوریج پر پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا ) کے شوکاز نوٹس کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ایمنڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پیمرا کی جانب سے بھیجے گئے شوکاز نوٹسز کو میڈیا پر دباؤ ڈالنے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ ٹی وی چینلز کو پیمرا کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ پابندیوں کا سامنا ہے، کراچی میں ہونے والی دہشتگردی کے واقعے کی کوریج پرشوکاز نوٹسز بھیجے گئے جن کا مقصد غیر قانونی سینسر شپ کا اطلاق ہے ۔ایمنڈ کی جانب سے کہا گیا کہ نوٹس میں عائد کیے گئے بے بنیاد الزامات کے برعکس چینلز نے کراچی واقعے کی ذمہ دارانہ کوریج کی اور قوانین ، قومی و معاشرتی مفاد اور ضابطہ اخلاق کا خیال رکھا جبکہ چینلز نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا موقف عوام تک پہنچایا۔ان تمام معلومات کو عوام تک پہنچانا میڈیا کا فرض اور عوام کا حق ہے، چینلزکو بلا تفریق غیرقانونی نوٹسز جاری کیے گئے۔کوئی بھی فرد یا ادارہ قانون سے بالاتر نہیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو قانون کے مطابق دیکھا جا سکتا ہے لیکن تمام چینلز کو نوٹس جاری کرنا بدنیتی کا عکاس اور ناقابل قبول ہے۔ایمنڈ کی جانب سے مشترکہ حکمت عملی بنانے کے لیے دیگر میڈیاتنظیموں سے رابطے اور ایگزیکٹو کمیٹی کا خصوصی اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس میں عدالتوں سے رجوع کرنے سمیت تمام آپشنز پر غور کیا جائے گا۔