رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کو ٹی وی پروگرام میں گالیاں دینے پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل اور اینکر کامران شاہد کے خلاف دفعہ 22 A، 22B کے تحت مقامی عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قمر الزمان نے شبہاز گل، کامران شاہد ، ڈی سی او فیصل آباد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کو29 مارچ کو پیش ہونے کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔درخواست گزار محمد عثمان ملک ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نےمقدمہ درج کرنے سے انکار کیا اس لئے عدالت آنا پڑا۔علاوہ ازیں ڈاکٹر رمیش کمار نے شہباز گل کے خلاف دس کروڑ روپے کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا ہے، لیگل نوٹس کے متن کے مطابق شہباز گل کو پندرہ دن کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ نجی ٹی وی سمیت دیگر میڈیا پلیٹ فارمز میں اپنا معافی نامہ شائع کرائے اور دس کروڑ روپے کا ہرجانہ ادا کرے بصورت دیگر ڈیفیمیشن آرڈیننس کے سیکشن 8کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
