ابھرتی ہوئی اداکارہ سحر ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ کم عمر تھیں اور اسکول میں پڑھتی تھیں، تب انہیں خود سے زائد العمر شخص سے محبت ہوگئی تھی لیکن معاملہ آگے بڑھ نہ سکا۔سحر ہاشمی نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں آئے ہوئے ابھی محض دو سال سے بھی کم عرصہ ہوا ہے لیکن خوش قسمتی سے انہیں آتے ہی بڑے منصوبوں میں کام کرنے کا موقع ملا، جس وجہ سے وہ مقبول ہوگئیں۔ایک سوال کے جواب میں سحر ہاشمی کا کہنا تھا کہ انہیں بچپن میں دلہن بننے کا شوق ہوتا تھا، وہ سوچتی تھیں کہ بڑی ہوکر دلہن بنیں گی، سرخ عروسی لباس پہنیں گی۔ یک طرفہ محبت کے سوال پر سحر ہاشمی کا کہنا تھا کہ ایسی محبت تکلیف دہ ہوتی ہے، انسان کو یک طرفہ محبت نہیں کرنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ کم عمری میں انہیں ایک طرح سے محبت میں دھوکا ملا، جس شخص کو وہ پسند کرتی تھیں، انہوں نے ان سے محبت کرنے سے انکار کیا۔سحر ہاشمی کا کہنا تھا کہ اسکول میں تعلیم کے دوران انہیں خود سے زائد العمر شخص سے محبت ہوگئی، انہیں وہ پسند آیا تو اداکارہ نے ان سے اظہار کیا لیکن وہ نہ مانے۔اداکارہ کے مطابق اس شخص نے انہیں جواب دیا کہ وہ ابھی بہت کم عمر ہیں، اس لیے ان کے درمیان تعلقات استوار نہیں ہوسکے۔سحر ہاشمی نے بتایا کہ اگرچہ وہ شخص ان سے زائد العمر تھا لیکن ان کی عمر میں زیادہ سے زیادہ 6 سال کا فرق تھا، تاہم اس شخص نے ان سے محبت کرنے سے انکار کردیا تھا۔ان کے مطابق زائد العمر شخص کے انکار کے بعد آج تک انہیں کوئی دوسرا شخص پسند ہی نہیں آیا۔انہوں نے بتایا کہ وہ خوش شکل، دراز قد، پیاری آنکھوں اور خیال رکھنے والے شخص سے شادی کریں گی۔

کم عمری میں محبت میں دھوکا ملا، سحرہاشمی۔۔
Facebook Comments