کراچی پریس کلب، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور کراچی یونین آف جرنلسٹس نے سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و پارلیمانی امور کی جانب سے سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ ادر میڈیا پریکٹشنرز بل 2021 کی منظوری کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ بل سندھ اسمبلی میں پیش کیے جانے کے بعد اسپیکر کی جانب سے کمیٹی کو بھیجا گیا تھا پیر کو جاری کردہ ایک مشترکہ بیان میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری محمد رضوان بھٹی، پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری فہیم صدیقی، کے یو جے کے سیکرٹری عاجز جمالی اور کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر راشد عزیز نے کہا کہ جرنلسٹس پروٹیکشن بل صحافی تنظیموں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے اور اس کے قانون بن جانے پر صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کو ہر قسم کے دباو، ہراسمنٹ، دھمکیوں اور حملوں سے تحفظ مل سکے گا قانون کے تحت صحافی اور دیگر میڈیا ورکرز کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ اس قانون کے تحت صحافیوں کے تحفظ کے لیے قائم کردہ کمیشن کو شکایت کرسکیں گے صحافی رہنماؤں نے صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کے تحفظ کے بل کی تیاری میں سندھ حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ سندھ اسمبلی کے رواں اجلاس میں اس بل کی منظوری دے کر اسے باقاعدہ قانون کی شکل دے دی جائے گی۔ واضح رہے کہ سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و پارلیمانی امور نے پیر کو چیئرمین پیر مجیب الحق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صحافیوں کے تحفظ کے بل کا جائزہ لیا اور بل کی منظوری دی۔ بل رواں ہفتے سندھ اسمبلی میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب، ساجد جوکھیو، گہنور خان، ہیر سوہو، غزالہ سیال سمیت دیگر ارکان شریک ہوئے ۔ اجلاس میں صحافتی تنظیموں کے نمائندوں فاضل جمیلی، جی ایم جمالی، مظہر عباس، فہیم صدیقی، عاجز جمالی اور راشد عزیز نے بھی شرکت کی۔

جرنلٹس پروٹیکشن بل، سندھ اسمبلی رواں ہفتے منظور کرے گی۔۔
Facebook Comments