سندھ کے وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ پروٹیکشن آف جرنلسٹس ایکٹ 2021ء کے رولز جلد از جلد تیار کئے جا ئیں گے، سینئر صحافیوں پر مشتمل کمیٹی رولز کی تیاری میں محکمہ اطلاعات کی معاونت کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی کی سربراہی میں صحافتی مسائل کے حل کے لئے مختلف امور پر قانون سازی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہو ا جس میں سیکرٹری اطلاعات سندھ عبدالرشید سولنگی ، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز غلام الثقلین ، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن محمد سلیم خان اور سینئر صحافیوں مظہر عباس، پروفیسر توصیف احمد خان، ڈاکٹر جبار خٹک ، قاضی آصف اور پاکستان پریس فاؤنڈیشن کے اویس اسلم نے شرکت کی۔ صوبا ئی وزیر اطلا عا ت و محنت سعید غنی نے اجلا س کی صدارت کر تے ہو ئے کہا کہ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔
