سندھ کے وزیر بلدیات، ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ، پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ و رورل ڈویلپمنٹ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام صوبوں سے صحافیوں کو سندھ صوبے کے دورے کی دعوت دیں اور انہیں یہاں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور جاری ترقیاتی کاموں سے آگاہی فراہم کریں۔ ملک بھر میں بجلی کا مسئلہ دراصل بجلی کی پیداوار کی کمی نہیں بلکہ بجلی چوری کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ شب مقامی ہوٹل میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی قیادت میں سندھ کے دورے پر آئے ہوئے 17 رکنی وفد کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ سید خالد حیدر شاہ، سیکرٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمان میمن، ڈی جی اطلاعات سندھ محمد سلیم خان و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے لاہور سے آئے ہوئے صحافیوں کے وفد کی سندھ میں آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام صوبوں سے صحافیوں کو سندھ صوبے کے دورے کی دعوت دیں اور انہیں یہاں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور جاری ترقیاتی کاموں سے آگاہی فراہم کریں۔ سعید غنی نے کہا کہ اس وقت صوبہ سندھ میں اور بالخصوص کراچی میں کئی میگا منصوبے زیر تعمیر ہیں۔ کراچی میں ملیر ایکسپریس وے، کے فور، حب سے شہر کو پانی کی فراہمی کے لئے نئی کینال کا کام و دیگر شامل ہیں۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کے تحت حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ، لاڑکانہ و دیگر شہروں میں بھی عوامی مفاد کے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اور کئی منصوبے زیر تعمیر ہیں۔ اس موقع پر لاہور پریس کلب کے صدر و وفد کے سربراہ ارشد انصاری نے کہا کہ ہم نے گزشتہ دو روز کے دوران تھرپارکر، نگر پارکر سمیت کئی علاقوں کا دورہ کیا ہے اور جو باتیں تھرپارکر کے حوالے سے ہم تک پہنچ رہی تھی آج یہاں دیکھ کر انتہائی حیرت ہوئی ہے۔ ارشد انصاری نے کہا۔کہ جو تاثر سندھ کا آج تک ہمیں دیکھا اور بتایا گیا تھا وہ سراسر اس سے مختلف ہے۔ جو ترقی تھرپارکر میں ہم نے دیکھی ہے وہ ہمارے لئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلٰی سندھ کی جانب سے ہمیں جو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ہے وہ سندھ اور یہاں کے عوام کے لئے بہت اچھا مستقبل ہے۔ ارشد انصاری نے کہا کہ سنئیر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے محکمہ اطلاعات اور ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ بالخصوص ریڈ اور پنک بسیں سندھ کی ترقی کی جانب سے نمایاں قدم ہے۔