dawn ke maalik ka jami ko legal notice

جنسی تشدد اور آزادی صحافت۔۔؟؟

تحریر: بریگیڈیئر(ر)فیصل مسعود۔۔

باصلاحیت فلم ساز جامی آزاد نے ملک کے سب سے طاقت ور میڈیا ہاﺅس کے مالک پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے بظاہر اپنا کیریئر داﺅ پر لگادیا ہے۔ جامی 1998 ءمیں امریکہ سے فلم سازی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد وطن واپس لوٹے۔ مستقبل پر نظریں جمائے نوخیزتخلیق کارکوایک ’میڈیا ٹائیکون‘ کی عقابی نظروں نے بھانپاتو نوجوان جامی کو بہت جلد اس بااثر شخص کی قربت دستیاب ہو گئی۔ایک معروف عالمی ویب سائٹ کے مطابق کچھ ہی سالوں میں جامی آزاد نے پاکستان میں فلم سازی کے منظر نامہ کوبدل کر رکھ دیا۔ بڑے بڑے فنکار ان کی میوزک ویڈیوز میں شامل اور ملٹی نیشنل کمپنیاں ان سے کمرشل اشتہارات بنوانے کے لئے بے چین نظر آنے لگے۔ آزاد فلم کمپنی کے بینر تلے جامی نے متعدد فلمیں بھی بنائیں جن میں”مور” اُن مٹھی بھر پاکستانی فلموں میںسے ایک ہے کہ جنہیں آسکر ایوارڈ زکے لئے نامزد کیا گیا ہو۔

اکتوبر 2017 ءمیں ایک طاقتور ہالی ووڈ فلمساز پر عائد کئے گئے جنسی ہراسگی و جبری زیادتی کے الزاما ت کے نتیجے میں’ می ٹوکے ہیش ٹیگ سے ایک تحریک کا آغاز ہوا کہ جس میں اس شوبز ٹائیکون کے ہاتھوں جنسی ہراسگی کا شکار ہونے والی خواتین نے یکے بعد دیگرے منظرعام پر آتے ہوئے اپنے ساتھ ماضی میں بیتے بھیانک واقعات کو طشت از بام کرنا شروع کیا۔ کئے گئے انکشافات کے مطابق مذکورہ بالا طاقت ور فلم پروڈیوسر، متاثرہ خواتین کو اپنے ہوٹل کے کمرے میں بلاتا کہ جہاں پلکوںپر خواب سجائے نوخیز خواتین خود کو ایک دوراہے پر کھڑا پاتیں۔ جنسی زیادتی کا شکار ہونے والوں میں اکثریت ان خواتین کی ہے جو اس دور میںتواپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے ابتدائی سالوں اورجدوجہد کے مراحل میں تھیں، مگر آج عالمی شہرت کی حامل اور شوبزکے آسمان پر درخشاں ستاروں کی مانند چمکتی ہیں۔ انہی میں سے کئی ایک نے بالآخراپنی شہرت اور وقار کو داﺅ پر لگا کر اپنے سینوں میں دبے زخموں کو کھرچ کھرچ کر اپنے شکاری کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کی ٹھانی۔ کچھ ہی عرصے میں’می ٹو ‘کے اس طوفان نے گویا دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔کئی کامیاب افراد نے اپنے اپنے دل چاک کئے اور کئی مہان بت بلندیوں سے گر کر پاش پاش ہوئے۔

پاکستان میں فلم ساز جامی ان چند معروف شخصیات میں سے ہیں کہ جو جنسِ مخالف سے تعلق رکھنے کے باوجود ”می ٹو“ ہیش ٹیگ کے تحت جنسی حراسگی کا شکار ہونے والی خواتین کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔ چنانچہ فروری 2019 ءمیں جب گلوکارہ میشاشفیع نے اپنے ساتھی فنکار علی ظفر پر جنسی ہراسگی کا الزام عائد تو الزامات کی صداقت سے قطع نظرجامی آزاد ان کے پرجوش حمایتی کے طور پر سامنے آئے۔اکتوبر 2019ءمیں جامی نے می ٹو ہیش ٹیگ کے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایک ٹویٹ کے ذریعے ایسے عناصرکے بے حد طاقت ور ہونے کا اظہار کیا۔ یکے بعد دیگرے ٹویٹس کے اس سلسلے میں جامی نے بالآخرلرزا دینے والا انکشاف کیا کہ 13 سال قبل وہ خود بھی ’میڈیا سے متعلق ایک طاقتور شخص ‘ کی جانب سے کی گئی جبری جنسی زیادتی کا شکار ہوئے تھے۔بظاہرشدید کرب کے عالم میںکئے گئے اس اعتراف کے باوجود جامی اس ’طاقتور شخص‘ کے چہرے سے نقاب سرکانے کا حوصلہ پیدا نہ کر سکے۔ جامی کو جہاں اس شخص کے طاقتور ہونے کاادراک تھا تو وہیں یہ خدشہ بھی تھا کہ ان کے اپنے احباب بھی شایدان کی اس بات پر اعتبار نہیں کریں گے ۔ ’می ٹو‘ تحریک اب تک زیادتی کا شکار ہونے والی خواتین کے گرد گھوم رہی تھی۔کسی مرد کی طرف سے مظلومیت کا ایسا دعویٰ یقیناََ چونکا دینے والا معاملہ تھا۔ آخرایک مرد،دوسرے تنومند مر د کو جبری جنسیت یا’ ریپ‘ کا شکار کیسے بناسکتا ہے؟ اگرچہ طاقت کی مختلف جہتوں کا ادراک ہوتو اس سوال کے جواب کا حصول ناممکن نہیں۔حال ہی میں جامی نے بہرحال خود کو مبینہ جبری جنسیت کا شکار بنانے والے’ طاقتور شخص‘ کا نام لے ہی لیا ہے۔

ڈان اخبار کے موجودہ سی ای او، حمید ہارون صاحب کو وہ اخبار وراثت میں ملا کہ جس کا اجراءخود بانی پاکستان نے اپنے ایک مخلص ساتھی کی رفاقت میں کیا ۔ اخبارنے اپنی حیثیت منوائی۔ اگرچہ میری یہ سوچی سمجھی رائے ہے کہ حالیہ سالوں کے دوران حمید ہارون صاحب کی قیادت میں اخبار اپنی معروف ومتوازن ایڈیٹوریل پالیسی سے ہٹ کر بظاہرہر اس ادارے ، پارٹی ،گروہ یافردکے ساتھ کھڑا نظر آتا ہے کہ جو کسی بھی وجہ سے سکیورٹی اداروں سے مخاصمت رکھتا ہو۔ تاہم یہ اخبار کے ایک قدیم قاری کا تاثر ہے کہ جس سے بہرحال اختلاف ممکن ہے۔ یوں تو میں عشروں سے ڈان کا باقاعدگی سے خریدار ہوں کہ جس کے حصول میں ما سوائے دور دراز علاقوں کے ، کبھی دشواری پیش نہیں آئی ۔ تاہم جناب حمید ہارون گزشتہ کچھ سالوں سے تسلسل کے ساتھ سیکیورٹی اداروں پر پرچے کی ترسیل میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام دھرتے چلے آ رہے ہیں۔ یقیناً ان کے پاس کچھ معلومات ہوں گی کہ جن سے میں بے خبر ہوں۔ یوں بھی ’ڈان‘ کے اس الزام کا جواب متعلقہ ادارے ہی دے سکتے ہیں۔ تاہم اندریں حالات ذاتی وضاحت قرینِ انصاف سمجھتا ہوں۔ سال 2012ءسے 2014ءکے درمیان کوئٹہ اور سال 2014سے لے کر 2017ءتک جی ایچ کیو میں تعیناتی کے دوران مجھے میرے دفتر اور گھر پر ڈان کی کاپی بلا کسی روک ٹوک کے موصول ہوتی رہی ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعدگزشتہ ڈھائی سال سے میں ایک خالصتاََعسکری کالونی میں رہائش پذیر ہوں اور کسی ایک دن بھی میرے ہاکر نے اس بناءپر مجھے اخبار کی ترسیل سے معذوری ظاہر نہیں کی کہ اسے کسی قدغن کا سامنا درپیش رہاہو۔

دنیا میں کئی معروف شخصیات ہیں کہ جو ہمہ وقت ایک سے بڑھ کر ایک دلکش پری چہرہ کی دستیابی کے باوجود ہم جنس پرستی کو ترجیح دینے کےلئے جانی جاتی ہیں۔ایسی ہی کئی ایک طاقتور و نامور شخصیات کے ہاتھوں، جدوجہد کے ابتدائی دور میں ہاتھ پاﺅں مارتے مرد وزن کا معاشی، معاشرتی اور جنسی استحصال بھی کوئی اچھنبے کی بات نہیں ۔لہٰذامیرے لئے جامی کے الزامات کی ہرگز کوئی اہمیت نہ ہوتی اگر اس میں حمید ہارون صاحب کا ذکر نہ ہوتا کہ وہ ایک ایسے اخبار کے مالک ہیں کہ جو اعلی انسانی اقدار، طاقتوروں کے احتساب اور انسانی حقوق کا علمبردار ہے۔ میں اس موضوع پر قطعاً لکھنے میں وقت صرف نہ کرتا کہ اگر حمید ہارون صاحب اپنے خلاف جامی آزاد کے عائید کردہ الزام کوبعض ’ریاستی اور معاشرتی حلقوں‘ کی’ سازش ‘قرار دے کر حقارت سے مسترد نہ کر دیتے۔ حمید ہارون صاحب کے مطابق اس’ سازش‘کا مقصد ان کے اخبار اور بالآخر آزادی صحافت کا گلا گھوٹنا ہے۔ لندن برج دھماکے میں ملوث برطانوی نژاد ملزم کا تعلق بلا تاخیرپاکستان سے جوڑنے کے خلاف ڈان اخبار کے دفتر کے سامنے جو مظاہرہ کیا گیا، حمید ہارون اس مظاہرے کا تعلق بھی جامی آزاد کے ٹویٹ سے جوڑتے ہیں ۔ یہ سوال کہ جامی آزاد کے پائے کا تخلیق کاراپنے پورے کیرئیر کو داﺅ پر لگا تے ہوئے اس ’گہری سازش‘ کا حصہ کیوں کر اورکس قیمت پر بنا، بہرحال اس کا جواب خود جامی صاحب ہی دے سکتے ہیں۔

آج بھی مجھے جامی آزاد کے الزام کی صداقت سے متعلق کوئی دلچسپی نہیں۔ مجھے اس امرکے قوی امکان سے بھی کوئی سروکار نہیں کہ یہ معاملہ وقت کی سرد تہوں کے نیچے دب کر رہ جائے گا ۔ میںیہ جاننے میں بھی متجسس نہیں ہوں کہ اب جامی آزاد کے تخلیقی کیرئیر کا کیا ہو گا۔تاہم ان سطور کے قلم بند کرنے کے پیچھے میرابنیادی مقصد، ڈان اخبار کے ایک پرانے قاری کی حیثیت سے حمید ہارون صاحب سے محض یہ التجا کرناہے کہ اگر ہوسکے تو مذکورہ معاملے سے آزادی صحافت اور اپنی ذات کو الگ الگ رکھتے ہوئے نبردآزما ہونے کی کوشش فرمائیں۔(بشکریہ پاکستان)۔۔

نوٹ:یہ بلاگر کا ذاتی نقطہ نظر ہے جس سے عمران جونیئر ڈاٹ کام اور اس کی پالیسی کا متفق ہونا ضروری نہیں ۔علی عمران جونیئر۔۔

How to Write for Imran Junior website
How to Write for Imran Junior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں