hatak izzat bill punjab aseebmly wapas bhejne ka andiya

جھوٹی خبرپر30 لاکھ جرمانہ، ہتک عزت بل منظور۔۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہوا، حکومت نے ہتک عزت بل ایوان میں پیش کر دیا، بل کے خلاف اپوزیشن اور صحافیوں نے بھرپور احتجاج کیا۔اجلاس کے دوران ہتک عزت بل مجتبیٰ شجاع الرحمان نے ایوان میں پیش کیا، اپوزیشن نے ہتک عزت بل2024ء کے خلاف پنجاب اسمبلی کے اندر بھرپور احتجاج کیا، اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کی قیادت میں اپوزیشن نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی، ارکان نے بل کے خلاف ایوان میں شدید نعرے بازی کی۔اپوزیشن نے کالا قانون نامنظور، کالے کرتوت نامنظور کے نعرے لگائے، بل کے خلاف پلے کارڈز بھی اپنی نشستوں پر آویزاں کئے، اپوزیشن نے اعلان کیا کہ بل کو مسترد کرتے ہیں۔پنجاب اسمبلی ہتک عزت بل 2024ء بل کے خلاف اپوزیشن کی ترامیم ایوان میں زیر بحث آئیں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے اپنی ترمیم کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ  ہتک عزت بل 2024ء کالا قانون ہے اس کا حصہ نہیں بنیں گے۔مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بل کو دوبارہ سلیکٹ کمیٹی میں بھیجنے کی مخالفت کردی، کمیٹی میں پہلے ہی تسلی بخش بحث ہو چکی ہے، مزید سلیکٹ کمیٹی میں بھیجنے کی ضرورت نہیں۔صحافیوں نے بھی ہتک عزت بل کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر شدید نعرے بازی بھی کی۔اپوزیشن نے احتجاج کے طور پر  بل کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں, صحافیوں  نے بھی پریس گیلری سے واک آؤٹ   کیا ۔بل کے خلاف اسمبلی سیڑھیوں پر احتجاج کیا  اور ملک گیر احتجاج کی کال بھی دیدی۔بل کا اطلاق پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر ہوگا۔ جس کے تحت پھیلائی جانے والی جھوٹی اور غیر حقیقی خبروں پر ہتک عزت کا کیس ہو سکے گا۔ بل کا یوٹیوب، ٹک ٹاک، ایکس/ٹوئٹر، فیس بک، انسٹا گرام کے ذریعے پھیلائی جانے والی جعلی خبروں پر بھی اطلاق ہوگا۔کسی شخص کی ذاتی زندگی اور عوامی مقام کو نقصان پہنچانے کیلئے پھیلائی جانے والی خبروں پر قانون کے تحت کارروائی ہوگی، ہتک عزت کے کیسز کیلئے خصوصی ٹربیونلز قائم ہوں گے جو چھ ماہ میں فیصلہ کرنے کے پابند ہوں گے۔بل کے تحت 30 لاکھ روپے کا ہرجانہ ہوگا، آئینی عہدوں پر موجود شخصیات کے خلاف الزام کی صورت میں ہائی کورٹ کے بنچ کیس سننے کے مجاز ہوں گے۔ خواتین اور خواجہ سرائوں کو کیس میں قانونی معاونت کےلئے حکومتی لیگل ٹیم کی سہولت میسر ہوگی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں