جسارت نے اپنے کارکنوں کو صحت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پاک قطر تکافل صحت کارڈ جاری کردیے ۔صحت کارڈ سے جسارت کے ملازمین اور ان کی اہلیہ پاکستان کے کسی بھی بڑے اسپتال سے با آسانی اپنا علاج کرواسکیں گے۔جمعرات کے روز، روزنامہ جسارت کے دفتر میں پاک قطر تکافل صحت کارڈ کارکنوں کو دینے کے لیے ایک غیر رسمی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں جسارت کے چیف ایڈ یٹر شاہنواز فاروقی،ایڈیٹر مظفر اعجاز، فرائیدے اسپیشل کے ایڈیٹر یحٰیی بن زکریا،چیف رپورٹر قاضی جاوید باسط،نیوز ایڈیٹر توصیف احمد، ڈپٹی چیف رپورٹر واجد حسین انصاری،رپورٹر منیر عقیل انصاری،سید حسن احمد، جسارت ویب کے ہیڈ نذر الحسن ،نوید فاروق اور سب ایڈیٹر علیم الدین سمیت دیگر کارکنان کو جسارت کے چیف آپریٹنگ آفیسر سید طاہر اکبر،چیف ایڈیٹر شاہنواز فاروقی، اسائمنٹ ایڈیٹر عرفان احمد اور دیگر نے ہیلتھ کارڈ تقسیم کیےاس موقعے پر جسارت کے ملازمین کی بڑی تعداد میں موجود تھی۔سید طاہر اکبر نے کہا کہ جسارت نے تمام کارکنان کے لیے پاک قطر تکافل صحت پالیسی فراہم کردی ہے جس میں ہر کارکن اور اس کی اہلیہ کو ڈھائی لاکھ روپے کی کوریج حاصل ہوگی۔پاکستان کے تمام معروف اسپتال میں ایمرجنسی کی صورت میں ایڈمٹ،تمام ٹیسٹ سمیت دیگر سہولیات باآسانی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک قطر تکافل کے پینل پر جسارت کے صحت کارڈ ہولڈر صحت کی معیاری خدمات حاصل کرسکیں گے۔جسارت کہ کارکنان کو صحت کی بہترین خدمات فراہم کرنا ہمارے عزم کا حصہ ہے۔اس حوالے سے جسارت ملازمین کا کہنا تھا کہ میڈیا انڈسٹری کے ان نامساعد حالات میں جب پرنٹ میڈیا تیزی سے روبہ زوال ہے ،بڑے اخبارات کارکنوں کی جبری برطرفیاں کررہے ہیں۔ایسے میں روزنامہ جسارت انتظامیہ کا یہ اقدام قابل تعریف ہے۔