jang mulazimen ko 2 maah se tankhua nahi mili puj

جنگ ملازمین کو 2 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی، پی یوجے۔۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس (پی یو جے) نے جنگ گروپ کی جانب سے سال 2025 کے دو ماہ گزرنے کے باوجود تنخواہیں ادا نہ کرنے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق اور آزادی صحافت کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں نے انسانیت کا جنازہ نکال دیا۔اپنے ایک ہنگامی اجلاس میں پی یو جے کے صدر منصور ملک، سینئر نائب صدر ظہیر شیخ، نائب صدر ممتاز سلیم لنگا، جنرل سیکرٹری عامر ملک، سینئر جوائنٹ سیکرٹری سید آفاق علی زیدی، جوائنٹ سیکرٹری علی جعفری، خزانچی وقاص خلیل اور اراکین مجلس عاملہ نے کہا کہ جنگ گروپ نے صحافیوں اور دوسرے ملازمین کو آخری تنخواہیں دسمبر 2024 میں ادا کیں اور تمام ملازمین اور وابستہ خاندانوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی ہیں۔پی یو جے نے کہا کہ جنگ گروپ کا رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد سے قبل بھی تنخواہوں کی عدم ادائیگی میڈیا مالکان کے غیر انسانی رویہ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ گروپ پاکستان کا کا سب سے بڑا میڈیا کا ادارہ ہونے کے ناطے دوسرے میڈیا کے اداروں کے لئے ایک انتہائی ناقابل تقلید مثال قائم کررہا ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔پی یو جے نے وزیراعظم شہباز شریف اور پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ جنگ گروپ کے غیر قانونی اقدام کا نوٹس لیا جائے اور سرکاری اشتہارات کو ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سے مشروط کیا جائے۔پی یو جے نے جنگ گروپ اور دوسرے میڈیا کے اداروں سے رمضان المبارک سے قبل تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ پی یو جے نہ صرف ملک گیر احتجاج کرے گی بلکہ ایسے اداروں کا گھیراؤ کرنے کا بھی حق محفوظ رکھتی ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں