روزنامہ جنگ کراچی کے ڈپٹی ایڈیٹر اور سینئر صحافی مدثر مرزا کی نماز جنازہ اتوار یکم جنوری کو ادا کی جائے گی۔مرحوم کے بیٹے کے مطابق نماز جنازہ اور تدفین بہن کی بحرین سے آمد کے بعد اتوار کو ہو گی۔نماز جنازہ اتوار یکم جنوری 2023 کو بعد نماز ظہر مسجد بیت المکرم،یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال کراچی میں ہوگی۔۔بعدازاں ان کا جسد خاکی سخی حسن قبرستان، نارتھ ناظم آباد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔مدثر مرزا کا حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہفتے کی صبح انتقال ہو گیا تھا، وہ طویل عرصے سے روزنامہ جنگ کراچی سے وابستہ تھے، ان کی عمر 70 برس تھی۔مدثر مرزا 5 اپریل 1952 میں پیدا ہوئے، وہ چیئرمین ایڈیٹوریل بورڈ کے ساتھ ساتھ روزنامہ جنگ کے ڈپٹی ایڈیٹر کے طور پر بھی فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ گزشتہ رات روزنامہ جنگ کی کاپی فائنل کر کے وہ رات گئے گھر چلے گئے تھے، ان کے اہلخانہ لاہور گئے ہوئے ہیں جبکہ وہ گھر پر اکیلے تھے۔مسلسل رابطہ کرنے کے باوجود ان کا فون اٹینڈ نہیں ہوا تو پڑوسیوں نے گھر پہنچ کر کمرے کا دروازہ توڑ کر انہیں باہر نکالا تو وہ حیات نہیں تھے۔دریں اثنا پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور کےصدر حاجی محمد نواز رضا، سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ اور اراکین مجلس عاملہ نے سینئر صحافی اور روزنامہ جنگ کراچی کے ڈپٹی ایڈیٹر مدثر مرزا کے رحلت کرجانے کو صحافت اور صحافیوں کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ایک تعزیتی بیان میں پی ایف یو جے دستور کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ مدثر مرزا کی رحلت سے ذمہ دار اور اصولی صحافت کا ایک دور ختم ہوگیا ہے وہاں صحافت ایک مدبر اور موقر صحافی سے بھی محروم ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کراچی کے سینئر صحافی کراچی یونین آف جرنلسٹس کراچی پریس کلب کے سینئر رکن اور روزنامہ جنگ کراچی کے ڈپٹی ایڈیٹر مدثر مرزا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد نائب صدر ناصر شریف لبنی جرار جنرل سیکریٹری عاجز جمالی جوائنٹ سیکریٹری طلحہ ہاشمی رفیق بلوچ فنانس سیکریٹری یاسر محمود سمیت ایگزیٹو کونسل کے تمام ارکان نے اپنے پریس رلیز میں مدثر مرزا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک کہنہ مشق صحافی تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی صحافتی اصولوں پر پابند رہتے ہوئے گذاری۔ کے یو جے مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور مرحوم کے مغفرت کی دعا کرتی ہے۔ مدثر مرزا کے یو جے کے اہم رکن تھے جنہوں نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں کے یو جے کا ساتھ دیا کے یو جے اپنے دیرینہ ساتھی کی جدائی پر بہت ہی رنج میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدثر مرزا کے لواحقین کو اللہ تعالی صبر و جمیل عطا کرے۔
جنگ کے ڈپٹی ایڈیٹر کی تدفین آج ہوگی۔۔
Facebook Comments