jang intezamia ne apne hi 7 mulazimeen par muqadma kardia

جنگ گروپ نے 15 سال تنخواہ میں اضافہ نہیں کیا۔۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس ( پی یو جے) نے روزنامہ جنگ راولپنڈی کی انتظامیہ کی جانب سے صحافیوں کو اپنے حقوق کے مطالبے کی پاداش میں توہین مذہب جیسے سنگین الزامات پر مقدمات میں پھنسانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔پی یو جے کے ایک ہنگامی اجلاس میں روزنامہ جنگ راولپنڈی کی انتظامیہ کی جانب سے ادارے کے سات صحافی ملازمین کے خلاف جعلی مقدمات بنانے کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں صدر فرزانہ چوہدری ، سینئر نائب صدر عقیل انجم اعوان ،نائب  صدر محمد مجیب اللہ ، جنرل سیکرٹری عامر ملک ،سینئر جوائنٹ سیکرٹری  سید آفاق علی زیدی ،جوائنٹ  سیکرٹری جاوید ھاشمی ، خزانچی درخشندہ علمدار اور اراکین مجلس عاملہ کا کہنا تھا کہ جنگ گروپ نے صحافیوں کی حقوق کی جدو جہد کو دبانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں سے کام لینا شروع کردیا ہے، جس سے صحافیوں کے جدو جہد دبنے کے بجائے مزید بڑھے گی۔پی یو جے نے کہا کہ جنگ گروپ تمام میڈیا کے اداروں سے زیادہ اشتہارات لینے کے باوجود نہ صرف تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کررہا ہے، بلکہ پچھلے 15 سال سے تنخواہوں میں بھی اضافہ نہیں کیا۔ اس کے علاؤہ جنگ گروپ نے ساتویں ویج بورڈ کا نفاذ بھی نہیں کیا بلکہ آٹھویں ویج بورڈ کو بھی جزوی طور پر نافذ کیا ہے۔ اور اب دھونس اور دھاندلی سے جعلی مقدمات کے ذریعے صحافی کارکنان کی حقوق کی جدو جہد کو دبانے کی کوشش کررہا ہے۔پی یو جے نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مخدوش صورت حال کا فوری نوٹس لے اور صحافیوں کے خلاف جعلی مقدمات کو نہ صرف ختم کروائے، بلکہ صحافیوں کو ان کے جائز حقوق دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔پی یو جے نے روزنامہ جنگ راولپنڈی کی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ہی ملازمین/صحافیوں کے خلاف مقدمات کو نہ صرف واپس لے، بلکہ ویج بورڈ ایوارڈ کے درست نفاذ کے بعد ملازمین کی تنخواہوں میں جائز اضافہ اور وقت پر ادائیگی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے واجبات و بقایاجات کی ادائیگی کو بھی یقینی بنائے۔پی یو جے کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اگر صورت حال بدستور جاری رہی تو پی یو جے نہ صرف عدالت سے رجوع کرے گی بلکہ ایک بڑی احتجاجی تحریک چلانے کا حق بھی محفوظ رکھتی ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں