نیب کی تحویل میں موجود روز نامہ جنگ کے مالک میر شکیل الرحمان کے بھائی ، چیئرمین اور پبلشر جنگ گروپ میر جاوید الرحمان انتقال کرگئے، وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔جیو نیوز کے مطابق میر جاویدالرحمان پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا اور وینٹی لیٹر پر تھے۔ جنگ میڈیا گروپ کے بانی میر خلیل الرحمان کے بڑے بیٹے کی حیثیت سے میر جاوید رحمان کو اپنے والدکی طرف سے صحافت اورسچ اور آزادی اظہار رائے جیسا جوش و جذبہ وراثت میں ملا۔وفاقی وزیر برائے حقوق انسانی شیریں مزاری کی جانب سے چیئرمین نیب کو خط لکھ کر ان سے کہا گیا کہ جیو اور جنگ گروپ کےایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو اپنے شدید علیل بھائی سے ملاقات کی اجازت دی جائے، جس کے بعد چیئرمین نیب نے انہیں ایک دن کی اجازت دی کہ وہ اپنے بڑے بھائی سے ملاقات کریں جو اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔تاہم، ضابطے کی رکاوٹوں کی وجہ سے چیئرمین نیب کے احکامات پر پیر کے دن عمل نہ ہوسکا۔ احتساب بیورو نے پیر کو ایک پریس ریلیز جاری کی جس میں میر شکیل الرحمٰن کو اپنے بھائی میر جاوید الرحمان سے ملنے کی اجازت دی گئی تھی۔نیب لاہور کے حکام نے میر شکیل الرحمٰن کے اہل خانہ کو زبانی آگاہ کیا ہے کہ انہیں احتساب عدالت سے منظوری ملنا باقی ہے۔ تاہم، حکام نے یقین دہانی کرائی کہ ادارہ عدالت میں منظوری کی مخالفت نہیں کرے گا۔ اس کے بعد اہل خانہ نے احتساب جج سے رابطہ کرکے عدالت سے اجازت طلب کی تاہم، جج صاحب گھر سے جا چکے تھے اور انہیں بتایا گیا کہ منگل کے روز عدالت میں پیش ہوں۔آج منگل کو میر جاوید رحمان دنیا سے پردہ کرگئے ہیں۔
جنگ گروپ کے پبلشر میرجاوید رحمان انتقال کرگئے۔۔
Facebook Comments