خصوصی رپورٹ،۔۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن اور ملک بھر کے پریس کلبز نے جنگ اور جیو کے دفتر پر حملے کی مذمت کی ہے۔ پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن نے کراچی میں جنگ اور جیو کے مرکزی دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے احتجاج کے حق کا میڈیا نے ہمیشہ دفاع کیا ہے لیکن تشدد قابل مذمت ہے۔پی بی اے نے متعلقہ حکام سے حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے جنگ گروپ کی عمارت پر حملے کی مذمت کی۔اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون اور سیکریٹری جنرل سرمد علی نے واقعے کو پریس پر حملہ قرار دیا اور وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ پر زور دیا کہ وہ حملہ آوروں کے خلاف فوری ایکشن لیں اور میڈیا ہاؤسز کو سیکیورٹی فراہم کریں۔ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نے جیو نیوز کے دفتر پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ وہ پُرامن احتجاج کا حق تسلیم کرتی ہے لیکن احتجاج کے بہانے تشدد ناقابل قبول اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ صوبائی حکومت حملہ آوروں کے خلاف ایکشن لے۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس نے جیوجنگ کے دفتر پر حملے کی مذمت کی ہے۔ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے اس حملے کو صحافت پر حملہ قرار دیا۔لاہور الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن اور اس کے چیئرمین عاصم نصیر نے بھی حملے کی مذمت کی ہے۔نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان کے جنرل سیکریٹری ناصر منصور نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش طبقہ جنگ اور جیو کے ملازمین اور صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔کے یو جے دستور کے سیکریٹری محمد عارف خان نے مطالبہ کیا ہے کہ حملے کے ملزمان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا جائے۔پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے کراچی میں جنگ۔ جیو کے مرکزی دفتر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے واقعہ میں ملوث شر پسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ جیو۔ جنگ سمیت تمام میڈیا ہائوسز کو بھرپور سیکورٹی دینے پر زور دیا ہے۔ پی یو جے کے صدر قمرالزمان بھٹی جنرل سیکرٹری خواجہ آفتاب حسن۔ سینئر نائب صدر محسن علی۔نائب صدر محمد بابر۔ سینئر جوائنٹ سیکرٹری عطیہ زیدی۔جوائنٹ سیکرٹری طارق حسن۔خزانچی ندیم شیخ اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے صوبہ سندھ میں جنگ اور جیو کے ہیڈآفس پر شر پسند عناصر کا حملہ افسوس ناک ہے ۔ لاہور پریس کلب کی جانب سے جنگ اور جیو کے کراچی ہیڈ آفس پر شرپسند حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر حملہ آوروں کے خلاف چوبیس گھنٹوں کے دوران کارروائی نہ ہوئی تو ملک گیر احتجاج ہوگا ۔ صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری ،سینئر نائب صدر جاوید فاروقی ،نائب صدر سلمان قریشی ،سیکرٹری زاہد چوہدری ،جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر، خزانچی زاہد شیروانی سمیت گورننگ باڈی کی جانب سے جنگ اور جیو کے کراچی ہیڈ آفس پر شرپسند عناصر کے حملے کو صحافت اور آزادی اظہار پر حملہ قرار دیا گیا ہے ۔
کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن آف پاکستان، روز نامہ جنگ اور جیو نیوز کے دفتر پر شر پسند عناصر کے حملے کی شدید الفاظ میں مزمت کرتی ہے،سی آر اے پاکستان کے صدر سمیر قریشی، سیکریٹری راجہ طارق اور مجلس عاملہ کے اراکین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غنڈہ گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، سی آر اے پاکستان کا کراچی پولیس چیف سے مطالبہ ہے کہ افسوسناک واقعہ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے۔۔ایسوسی ایشن آف کراچی اسائنمنٹ ایڈیٹرز (اکائی) نے جیو اور جنگ گروپ کے دفتر پر دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پورے میڈیا کوہراساں کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔ایک بیان میں صدر اکائی نے کہاکہ جیو کے مرکزی دفتر پر حملے سے حکومت کے تمام دعووں کی نفی ہوگئی ہے اگر میڈیا ہاؤسز محفوظ نہیں تو پھر ملک میں کون محفوظ ہے،میڈیا دفاتر پر حملوں کا مقصد حق اور سچ کیلئے اٹھنے والی آواز کو دبانا ہے،حکومت میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کی سیکیورٹی کیلئے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی طور پراقدامات اٹھائے ۔(خصوصی رپورٹ)۔۔
