janaze pr selfiyan by syed badar saeed

جنازے پر سیلفیاں۔۔۔

تحریر: سید بدرسعید

ہم اسٹار ایشیا نیوز چینل کے چیئرمین ظہیر الدین بابر مرحوم کی نماز جنازہ ادا کرنے گئے تھے ۔  دفتر سے نکلتے وقت رانا فیصل عزیز کو فون کیا اور ملٹری اکائونٹس سوسائٹی کی جانب چلے گئے ۔ بلاشبہ جنازے میں بہت زیادہ لوگ تھے ۔ لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چودھری صاحب ، ایمرا کے صدر آصف بٹ صاحب ، پی ایف یو جے برنا کے صدر رانا عظیم ، فاروق جوہری بھائی ، سینئر صحافی رہنما خاور نعیم ہاشمی صاحب ، نعیم مصطفی صاحب سمیت متعدد سینئر صحافی موجود تھے ۔ مولانا سمیع الحق صاحب سمیت درجنوں علما کرام ، اکابرین ، سیاست دان اور پولیس افسران بھی نظر آئے ۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف بھائی بھی نظر آئے ۔ نماز جنازہ کے بعد اس وقت دکھ ہوا جب متعدد لوگ مولانا سمیع الحق صاحب کے ساتھ سیلفیاں بنانے لگے ۔ کچھ لوگ دیگر اہم شخصیات کو گھیرے میں لئے ہوئے تھے ۔ یار کیا ہم لوگ احساس سے عاری ہو چکے ہیں ؟ میں اپنے مخلص دوست کے جنازے پر گیا تھا ۔ ہم دکھ کی کیفیت سے گزر رہے تھے ۔ ملال اس قدر تھا کہ مجھ میں اتنی ہمت نہ تھی کہ ظہیر الدین بابر بھائی کے بیٹے غازی بھائی سے ملاقات کر پاتا ۔ میں کیا کہتا کہ بہت افسوس ہوا بابر بھائی فوت ہو گئے ؟ ایک بیٹے کو اس کے والد کا پرسہ دینا اتنا آسان نہیں ہو سکتا ۔ یہاں لوگ سیلفیاں اور حاضریاں لگانے کے چکر میں تھے ۔ہم نے نماز ادا کی ، جنازے کو کندھا دیا اور خاموشی سے واپس آ گئے ۔ بھلا جنازوں پر پی آر کون بنا سکتا ہے ؟؟؟؟؟لیکن کچھ لوگ ۔ ۔ کچھ لوگ یہ کام بھی پورے اطمینان سے کرتے ہیں (سید بدر سعید)

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں