جامعہ کراچی کے کچھ ملازمین کے آڈیو میسجز لیک ہوئے ہیں جن میں وہ تعلیمی اداروں کی رپورٹنگ خصوصا کراچی یونیورسٹی کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور ان صحافیوں کیخلاف مذموم ادارے بھی ظاہر کر رہے ہیں ‛ مذکورہ میجسز سامنے آنے پر معلوم ہوا ہے کہ ان ملازمین کا سابقہ ریکارڈ بھی اچھی شہرت کا حامل نہیں ہے تاہم اس آڈیو میں وہ خود کو موجودہ انتظامیہ کے قریبی و حمایتی ظاہر کر رہے ہیں ‛ جب کہ لیک ہونے والی آڈیو میں مذکورہ ملازمین بعض اساتدہ ‛ ڈین ‛ سابق وائس چانسلر اور ڈی ایف کے بارے میں توہین آمیز ‛ ہتک آمیز اور نازیبا الفاظ بھی بول رہے ہیں ۔صحافیوں کو سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دینے کی آڈیو کے بعد صحافی برادری اور ایجوکیشن رپورٹر ایسوسی ایشن میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔ جس پر صحافی برادری و ایجوکیشن رپورٹر ایسوسی ایشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جامعہ کراچی اور حساس و قانون نافذ کرنے والے ادارے مذکورہ ملازمین کیخلاف کارروائی کریں تاکہ ممکنہ طور پر ان ملازمین کے شر سے کسی کو نقصان نہ پہنچے ۔ایجوکیشن رپورٹرز ایسوسی ایشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جامعہ کراچی کے بعض شرپسند ملازمین پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے والے صحافیوں کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں تاکہ جامعہ کی انتظامیہ کے قریب ہو کر مذید غیر قانونی کام کا دائرہ کار پھیلا سکیں ۔ جس پر خود جامعہ کراچی کی انتظامیہ کو کارروائی کرنی چاہیئے ۔ایجوکیشن رپورٹر ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی ادارے میں ہونے والی بے ضابطگیوں کو اجاگر کر کے ادارے کی بہتری کے عمل کو ہر ممکن شفاف بنائیں ‛ اس طرح کی دھمکیاں آزادی صحافت پر قدغن لگانے کے متراذف ہے اور یہ دھمکیاں تحریر و تقریر کی آزادی سلب کرنے اور آزادی صحافت کا گلا گھوٹنے کے مترادف ہے ۔ایحوکیشن رپورٹر ایسوسی ایشن نے سیکرٹری بورڈ و جامعات ‛ وزیر تعلیم ‛ ڈی جی رینجرز ‛ آئی جی سندھ سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے صحافیوں کی جان کے در پے ان شرپسند و مفاد پرست ملازمین جن میں عابد ‛ طارق شاہ اور اشفاق سمیت دیگر شامل ہیں ان کے خلاف قانونی و ضابطے کی کارروائی کریں ۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہم جلد ہی مشاورتی اجلاس بلا رہے ہیں جس کے بعد مذکورہ ملازمین کے ریکارڈ و ثبوت کے ہمراہ مقدمہ درج کرایا جائے گا اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔