jamhooriat ki baqa or salamati keliye sahafat ka wujood naguzeer hai

جمہوریت کی بقاءاور سلامتی کے لئے صحافت کا وجود ناگزیر ہے۔ گورنر سندھ

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ قوموں کی تعمیر میں صحافت کا کلیدی کردار ہے،جمہوریت کی بقاءاور سلامتی کے لئے صحافت کا وجود ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے عہدیداروں سے گورنرہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، جوائنٹ سیکریٹری محمد منصف اور دیگر گورنگ باڈی کے ممبران شامل تھے۔ ملاقات میں صحافی برادری کی فلاح و بہبود پر بات چیت ہوئی۔ گورنرسندھ نے صحافی برادری کو درپیش مشکلات کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ صحافت کو معاشرہ کی آنکھ اور جمہوریت کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے ،سماج کی اچھائیاں اور برائیاں صحافت کے ذریعہ ہی سامنے آتی ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ جدید دور میں، صحافت مکمل طور پر نیا رخ اختیار کر چکی ہے کیونکہ آج صحافت عوامی رائے پر اثرانداز ہورہی ہے بالخصوص عوام کا معلومات کے حصول کے لئے اعتماد صحافت کی کامیابی کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ہر دور میں طاقتور، بااثر اور متاثر کن حقیقت رہی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پریس کلب کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل اور صحافیوں کی رہائشی اسکیم ، وفاقی فنڈنگ پر متعلقہ حکام سے بات کروں گا۔ بعد ازاں صحافیوں نے امید کی گھنٹی ، راشن بیگز اور آئی ٹی مارکی کا دورہ بھی کیا۔ کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے کہا کہ گورنر سندھ کی فلاحی اقدامات معاشرہ کے لئے اہم ثابت ہورہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافی برادری کے مسائل پر گورنر سندھ کی دلچسپی خوش آئند ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں