سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی بل پر سبھی کو تحفظات ہیں، جماعت اسلامی اس غیرضروری بل کومستردکرتی ہے،حکومت وہ کرناچاہتی ہےجو اس سےپہلےکبھی نہیں ہوا،صحافیوں کی تنظیموں کےاحتجاج اوردھرنے کی مکمل حمایت کرتے ہیں،جماعت اسلامی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔۔منصورہ سےجاری بیان میں قیصرشریف نےکہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری قوم کو بتائیں پیمرا، ایف آئی اے کے سائبر کرائم اور صحافیوں کے مسائل کو حل کرنےکےلیےاداروں کی موجودگی میں پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کیاضرورت ہے؟ایک نئی باڈی کےذریعہ آپ الیکڑونک،پرنٹ،سوشل،ڈیجیٹل میڈیا اور فلم سمیت دیگر کو کیسے کنٹرول کر سکتے ہیں؟آپ نے کہا سامنے آنے والا ڈرافٹ فیک ہے تو پھر جو اصل ڈرافٹ ہے وہ سامنے لائیے۔سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اپنے چہرے کو صاف کرنے کی بجائے آئینہ توڑنا چاہتی ہے جو کسی صورت بھی درست طرز عمل نہیں ہے پہلےہی پاکستان میڈیا میں سینسر شپ، صحافیوں کے ساتھ پیش آنے واقعات، آزادی اظہار رائے اور میڈیا کی آزادی میں دنیا میں 145نمبر پر ہے،تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں میڈیا پر پریشر اور پابندیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔قیصر شریف نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ میڈیا کے مسائل پر موجودہ اداروں کو موثر انداز میں کام کرنا چاہیے اور حکومت کو تنقید برداشت کرتے ہوئے اپنی کارکردگی بہتر کرنی چاہیے،پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کرنے والی صحافتی تنظیموں کے احتجاج اور دھرنے کی حمایت کرتے ہیں اور حکومت کی طرف سے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سینسر شپ،پابندیوں اورتمام اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے ان کو مسترد کرتے ہیں۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا حکومت صحافت کو کنٹرول کرنے کی کوششیں نہ کرے، صحافیوں کے ساتھ ہیں، میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مسترد کرتے ہیں، معیشت تباہ حال اور تعلیم و صحت کا ستیاناس ہو چکا ہے، سچی بات یہ ہے کہ جمہوریت کے نام پر کچھ خاندانوں نے ملک پر قبضہ کر رکھا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے تلہ گنگ میں سابق ضلعی امیر چکوال ڈاکٹر حمید اللہ کی یاد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
