پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے حکومت سے پی ایف یوجے قیادت کے مذاکرات کی خبروں کو جعلی قرار دیتے ہو ئے تردید کی ہےاور خود ساختہ صحافی تنظیموں کی آڑ میں پی ایف یوجے کے نام سے جھوٹی خبریں پھیلانے کی مذمت بھی کی ہے۔ پی ایف یو جے قائدین نے وفاقی حکومت بالخصوص وزیر اطلاعات کومتنبہ کیا ہے کہ خود ساختہ اور غیر نمائندہ تنظیموں کی حمایت کو پی ایف یو جے سے منسوب کرنے اور صحافی تنظیموں میں پھوٹ ڈالنے جیسے غیر جمہوری اقدامات سے باز رہے۔ فواد چوہدری جعلی میڈیا اتھارٹی کے لیے جعلی پی ایف یو جے سے ملے۔ صدر پی ایف یوجے شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پی ایف یو جے کی حمایت حاصل کرنے کی جھوٹی خبریں پھیلا کر بھی وزیر اطلاعات مذموم مقاصدکی تکمیل نہیں کر پائیں گے، آزادیء صحافت اور اظہار رائے پر قدغن لگانے میں پی ایف یوجے ہمیشہ رکاوٹ رہی ہے، اور آئندہ بھی ایسے کسی حکومتی اقدام کو قبول نہیں کرے گی جو میڈیاکارکنان کے بنیادی حقوق کو پامال کرے یا آزادی صحافت پر روک لگائے۔ انہوں نے کہاکہ سول ڈکٹیٹر شپ اورصحافت پر کالے قانون تھوپنے میں ناکامی پر وفاقی حکومت اخلاقی اقدارتک بھول چکی ہے نتیجتاً جھوٹی خبریں پھیلانے کی سب سے بڑی مثال وزارت اطلاعات نے قائم کی ہے، صدر اور سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے نے خود ساختہ اور وزارت اطلاعات کی ایماء پر پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی تائید کرنے والی نام نہاد صحافی تنظیموں کو پی ایف یو جے سے منسوب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش اور پاکستان کی واحد صحافتی نمائندہ تنظیم میں پھوٹ ڈالنے کی ایک چال ہے، جس کے تانے بانے وفاقی وزیر اطلاعات نے بنے ہیں۔

جعلی پی ایف یوجے کون سی ہے؟؟
Facebook Comments