میر شکیل الرحمن کے خلاف نیب کے رویئے کی سخت مذمت کرتے ہیں، نیب حکومتی گٹھ جوڑ ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمن، جنگ جیو کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتا، میرشکیل الرحمن کے نیب کے ساتھ تعاون کرنے کے باوجود ان کے کیس کی طوالت اور حراست میں رکھنا پاکستان کے آئین اور قانون کے منافی ہے۔ ادارے کے تمام صحافی اور کارکن میرشکیل الرحمن کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس مشکل ترین صورتحال میں کسی بھی طرح ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ جیو اور جنگ گروپ کی سی بی ایز کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس جنگ سی بی اے یونین آفس میں ہوا۔ اجلاس میں بدھ کو نیب عدالت میں ہونے والی تمام تر کارروائی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بدھ کو نیب عدالت پر پیشی پر میرشکیل الرحمن کے خلاف مزید ریمانڈ دیئے جانے پر اسے انصاف اور قانون کے ساتھ مذاق قرار دیا گیا۔ ایکشن کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنگ اور جیو کے تمام کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں اور میرشکیل الرحمن کی رہائی اور میڈیا کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ حکومت میر شکیل الرحمن کو صرف اور صرف حق اور سچ لکھنے اور بولنے کی سزا دے رہی ہے اور میڈیا مالکان کو سخت پیغام دیا جارہا ہے کہ دیکھو جب ہم پاکستان کے سب سے بڑا میڈیا گروپ کے مالک میرشکیل الرحمن کو گرفتار کرکے اور انہیں مہینوں حراست میں رکھ سکتے ہیں تو دیگر اداروں کے سربراہوں اور صحافیوں کے خلاف کارروائی کرنا ان کیلئے مشکل نہیں۔
جدوجہد جاری رہے گی، جنگ جیو ایکشن کمیٹی۔۔
Facebook Comments