bol ne pemra ke ehkamaat hawa mein uradiye

جبری برطرفیوں، واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف صحافیوں کا احتجاج۔۔۔

کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بول نیوز کراچی ہیڈ آفس کے باہر جبری برطرفیوں ،تنخواہوں و واجبات کی عدم ادائیگیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا، جس میں کراچی پریس کلب، کراچی یونین آف جرنلسٹ دستور، برنا سمیت تمام گروپس کے علاوہ پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز (پیپ) ایسوسی ایشن آف کیمرہ جرنلسٹ (اے سی جے)، سندھ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن سمیت تمام صحافتی تنظیمیں شریک ہوئیں۔

احتجاجی مظاہرے میں شہر بھر سے صحافیوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی، احتجاجی مظاہرے میں مظاہرین نےہاتھوں میں احتجاجی بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے، جبکہ احتجاجی میں شریک مظاہرین بول نیوز کی انتظامیہ، سی ای او سمیر چشتی، احسن، عامر ضیاٗ اور مصطفٰی حسین کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے، اس موقع پر سابق صدر کراچی پریس کلب و رکن ایڈہاک کمیٹی امتیاز خان فاران، صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد، پی ایف یو جے کے سیکریٹری اے ایچ خانزادہ، اسسٹنٹ سیکریٹری عامر لطیف، کے یو جے دستور کے سیکریٹری نعمت خان، سینئر کرائم رپورٹر وسابق سیکریٹری ارمان صابراور عارف خان سمیت دیگر صحافتی تنظیموں کے رہنماوں نے بھی خطاب کیا ،کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ریحان خان چشتی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں اپنے صحافی بھائیوں کے واجبات کے حصول کے لئے آئے ہیں جو کہ تمام ملازمین کا جائز و قانونی حق ہے اور جب تک انتظامیہ واجبات کی ادائیگی سے متعلق یقین دہانی نہیں کراتی ، ہم اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ جس کے بعد کرائم رپورٹر ایسوسی ایشن اور دیگر صحافتی رہنماٶں پر مشتمل وفد نے بول نیوز کی انتظامیہ سے ملاقات کی جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران برطرف شدہ بول سے وابستہ تمام صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تنخواہوں اور دیگر واجبات کی ادائیگی کا تعین کر کے ادائیگی کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ سیکریٹری پی ایف یوجے عامر لطیف ،کے یو جے دستور کے سیکریٹری نعمت خان اور سی آر اے سیکریٹری ریحان خان چشتی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی بول ٹی وی انتظامیہ سے وابستہ تمام ملازمین کی تنخواہیں اور واجبات کی ادائیگی کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی اور اگر بول انتظامیہ کی جانب سے کرائی گئی یقین دہانی کے برخلاف واجبات کی ادائیگی نہیں کی جاتی تو احتجاج کے دائرے کو مزید وسیع کرکے بول انتظامیہ کے خلاف باقاعدہ قانونی چارہ جوئی کا بھی آغاز کیا جائے گا ،بعد ازاں صدر سی آر اے کاشف ہاشمی اور سیکریٹری ریحان خان چشتی نے تمام شرکاء کا ایسوسی ایشن کی کال پرکیے جانے والے احتجاج میں شریک ہونے والے تمام شرکاء اور تنظیموں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحافیوں کے حقوق کے لئے سی آر اے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی ۔ اور سی آر آے اپنے کسی بھی صحافی اور ساتھی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں