کراچی یونین آف جرنلسٹس نے صحافت کی آڑ میں بلیک میلنگ کرنے والے دو ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے قید و جرمانے کی سزا کا خیرمقدم کیا ہے اور عدالتی فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے زرد صحافت کے خاتمے کی جانب ایک قدم قرار دیا ہے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر فہیم صدیقی اور جنرل سیکریٹری لیاقت علی رانا سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے یو ٹیوب چینل بقا نیوز کے مالک مزمل اسلم مونگا اور نمائندے وسیم عباس ہاشمی کو بھتہ خوری اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات کے تحت 5/5 سال قید اور 10/10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے ملزمان نے صحافی کا روپ دھار کر ہڈیوں کے امراض کا دیسی علاج کرنے والے شخص کو بلیک میل کرکے اس سے ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کیے تھے رقم کی یہ لین دین بقا نیوز کے دفتر میں ہوئی جبکہ مزید رقم ایزی پیسہ کے ذریعے بھی دی گئی عدالت نے تمام شواہد کی روشنی میں ملزمان کو سزا سنائی ہے کے یو جے نے عدالتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا ہے کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس زرد صحافت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور صحافت کے روپ میں بلیک میلرز کو عامل صحافیوں کی صفوں میں برداشت نہیں کیا جائے گا کے یو جے نے عام شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صحافی بن کر بلیک میلنگ کرنے والے افراد سے متعلق شکایات کراچی یونین آف جرنلسٹس کو فراہم کریں کے یو جے ایسی شکایات پر فوری کارروائی کرتی ہے ایسے افراد کیخلاف مقدمات کے اندراج کیلئے کے یو جے خود متعلقہ فورمز سے رجوع کرے گی۔