نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں،جعلی خبروں کے خاتمہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رضا محمد کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا۔ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، جعلی خبروں اور ڈس انفارمیشن کے خاتمے، آئندہ عام انتخابات، سوشل میڈیا کے مسائل، جنوبی ایشیاءکے دیگر ممالک میں انتخابات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی کیاگیا۔ وفد نے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات کو ملک کے سیاسی منظر نامے پر اداروں کی تازہ ترین تحقیق سے آگاہ کیا۔وفد نے نگراں حکومت کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے عزم کو سراہا۔مرتضی سولنگی نے کہا کہ نگراں حکومت آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے پرعزم ہے، انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، کسی سے کوئی امتیاز نہیں ہوگا، مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پوری دنیا کا مسئلہ ہے،سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں، جعلی خبروں کے خاتمہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ملاقات میں آئندہ عام انتخابات میں میڈیا کے کردار پر بھی تبادلہ خیال ہوا،نگراں وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ میڈیا کو انتخابات کے دوران سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا،ریاستی میڈیا پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں کوریج فراہم کی جا رہی ہے، وفد کے دیگر ارکان میں اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر (ایڈووکیسی اینڈ کمیونیکیشن) صدیق ہمایوں، حشام، مس جویریہ، انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز کے ڈائریکٹر خرم عباس اور انسٹیٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز سے مسٹر نوفل شامل تھے۔
جعلی خبریں بڑا چیلنج ہیں، مرتضی سولنگی۔۔
Facebook Comments