وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےکہا ہےکہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) پر ابھی تک تجاویز ہیں، اگر تجاویز منظور ہوگئیں تو ٹھیک ،ورنہ تبدیل کریں گے۔اسلام آباد میں سینیٹرفیصل جاویدکی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس ہوا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے غیر ملکی فریم ورک فالو کیا اور تمام فریقین سے کہا اپنی رائے دیں، پی ایم ڈی اے پر ابھی تک تجاویز ہیں، اگر تجاویز منظورہوگئیں تو ٹھیک،ورنہ تبدیل کریں گے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارےآئیڈیازپر اتفاق نہ ہوا تو اسےکبھی نہیں لائیں گے، ہم نے تجویز دی ہے کہ میڈیا اور حکومت پرمشتمل 8 رکنی کمیشن ہونا چاہیے۔ دریں اثنا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے متعلق سوالات کے جوابات نہ ملے تو قائمہ کمیٹی اس کی منظوری نہیں دے گی۔جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا سوال یہ ہے کہ میڈیا کے تمام شعبوں کے لیے ایک واحد اتھارٹی کیوں ضروری ہے۔فیصل جاوید نے کہا کہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی مسودہ ہی سامنے نہیں آیا، اس اقدام کے پیچھے مقصد بہت اچھا ہے لیکن شاید طریقہ کار درست نہیں ہے، ایک واحد اتھارٹی بنائے بغیر آگے بڑھا جاسکتا ہے تو بڑھنا چاہیے۔
