ماڈل و اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ ہمارے ہاں فلم میں آئٹم سانگ کا ہمیشہ غلط مطلب لیا جاتا ہے۔نجی ٹی وی کے ڈرامہ “بلبلے” سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے اور لاتعداد ڈراموں و فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ عائشہ عمر نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے پاکستانی فلموں میں آئٹم سانگ کے حوالے سے اپنے خیالات بیان کیے۔اداکارہ عائشہ عمر نے کہا کہ ہمارے لوگ اپنی فلموں میں آئٹم سانگ کو تنقید جبکہ انڈین فلموں کے آئٹم سونگ کو خوب پسند کرتے ہیں، ایسے گانوں پر پرفارمنس کرنے والی بھارتی اداکاراؤں کی تعریفیں اور پاکستانی اداکاراؤں پر تنقید کی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی پاکستانی گانوں میں بابرہ شریف اور ریشم جیسی اداکارائیں آئٹم سانگ پر پرفارم کرتی تھیں اور شائقین ان پر تنقید کیے بغیر ان کے رقص سے محظوظ ہوا کرتے تھے۔عائشہ کا مزید کہنا تھا کہ اب آئٹم سانگ کا نام سنتے ہی لوگوں کے ذہن میں عریانیت اور بولڈ لباس میں ڈانس کرتی خواتین آجاتی ہیں مگر ایسا نہیں ہے، ایسے گانوں میں شامل رقص کو عریانیت سے جوڑنا غلط ہے۔