پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے سینئر صحافی عثمان خان پر پولیس کے بہیمانہ تشدد پر قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پریس گیلری سے بطور احتجاج علامتی واک آؤٹ کیا۔ حکومت کی جانب سے چیف وہپ پی ٹی آئی عامر ڈوگر نے ایف آئی آر کے اندراج کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد صحافیوں نے واک آئوٹ ختم کردیا۔ حکومت کی جانب سے چیف وہپ پی ٹی آئی عامر ڈوگر وفد کے ہمراہ پریس گیلری آئے تو سینئر صافی اعجاز احمد نے بتایا کہ میلوڈی کی حدود میں تھانہ نیلور پولیس کے اہلکاروں نے ایک بزرگ شہری کو پکڑنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر صحافی عثمان خان اور عرفان ملک موقع پر موجود تھے جب وہ فوٹیج بنا رہے تھے تو پہلے پولیس نے ان سے موبائل چھین لیا۔ تعارف پر پولیس نے موبائل واپس کیا مگر جب وہ گاڑی میں بیٹھنے لگے تو اچانک پولیس نے گریبان سے پکڑ کر عثمان خان کو اپنی گاڑی میں ڈالا اور ایک سول کپڑوں والے باکسر نے عثمان خان کو مارنا شروع کر دیا جس پر وہ بے ہوش ہوگیا۔