سینئر صحافی اور کالم نویس سلمان عابد کہتے ہیں کہ۔۔آج کل جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے اور سوشل میڈیا ایک بڑی طاقت پکڑ چکا ہے۔ایسے میں سرکاری وسائل کو بنیاد بنا کر وفاقی اور صوبائی حکومتیں بڑے بڑے اشتہارات کو جاری کر کے لوگوں کو ترقی کے نام پر سہانے خواب دکھاتی ہیں۔اشتہارات کی دنیا کو دیکھیں تو لگتا ہے کہ پاکستان بہت بدل چکا ہے اور پاکستان ترقی کے نام پر باقی ملکوں کو بھی پیچھے چھوڑ گیا ہے۔لیکن جب آپ زمین پہ جاتے ہیں یا زمینی حقائق کو دیکھتے ہیں تو وہاں حکمرانی کے نظام کی تلخیاں بہت ہیں۔ایکسپریس میں تحریر کردہ اپنے تازہ کالم میں وہ مزید لکھتے ہیں کہ۔۔اشتہارات کو بنیاد بنا کر ترقی کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا جاتا ہے یا ان کو سچائی کے مقابلے میں ایک جھوٹی تصویر دکھائی جاتی ہے۔پہلے سے موجود منصوبوں پر نیا میک اپ کیا جاتا ہے اور اپنے نام کی تختیاں لگا کر یہ ثابت کیا جاتا ہے کہ ہم ہی ترقی کے سب سے بڑے دعویدار ہیں۔یہ بات سوچنی ہوگی یا اس پر غور و فکر کیا جانا چاہیے کیا وجہ ہے کہ ہم دنیا میں ہونے والی تبدیلیوں سے سیکھنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔اس بنیاد پرتبدیلی کا عمل ممکن نہیں ہوگا۔