ایرانی قونصل جنرل لاہور رضا ناظری اور ڈی جی خانہ فرہنگ ایران جعفر روناس نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا۔سیکرٹری لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد ،نائب صدر ناصرہ عتیق، فنانس سیکرٹری شیراز حسنات، ممبر گورننگ باڈی ظہیر شیخ،ڈاکٹر شجاعت حامد اور سید رضوان شمسی نے ایرانی سفارت کاروں کوکلب آمد پر خوش آمدید کہا۔سیکرٹری عبدالمجید ساجدنے ایرانی سفارتکاروں کو شعبہ صحافت میں پریس کلب کی اہمیت سے آگاہ کیا اور پاک ایران میڈیا تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے دو طرفہ وفود کے تبادلوں کی تجاویز دیں جس کو ایرانی سفارت کاروں نے سراہا۔ایرانی قونصل جنرل رضا ناظری اور ڈی جی خانہ فرہنگ جعفر روناس نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان موجود تاریخی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ایرانی سفارت کاروں نے پاک ایران گیس پائپ لائن جیسے منصوبوں کو جلد مکمل کرانے میں بھی میڈیا کو کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔معزز مہمانوں کو کلب کی بلڈنگ کا دورہ کرایاگیا اور کلب میںصحافیوں کو مہیا کی گئی سہولیات سے آگاہ کیا گیا۔
