پنجاب پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اینکر پرسن اقرار الحسن پر حملہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب پولیس لاہور نے اقرار الحسن پر حملہ کرنے والے سات ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق مزید کارروائی جاری ہے۔ایس پی کینٹ سعد عزیز کے مطابق سی سی پی او لاہور نے اقرار الحسن پر حملے کا نوٹس لیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے فوری طور پر چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ بعد ازاں اینکر پرسن پر حملے میں ملوث تین مزید ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد سات ہوگئی۔اینکر پرسن اقرار الحسن نے اس بارے میں بتایا کہ حملہ آور ملزمان کی ہوائی فائرنگ کے بارے میں ڈی ایچ اے کا سکیورٹی اسٹاف اور پولیس اپنے اپنے کنٹرول رومز کو پہلے ہی اطلاع دے چکے تھے۔ ریکارڈنگ پولیس نے تحویل میں لے لی ہے۔ حملہ آوروں کے خلاف فائرنگ اور انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ اقرار الحسن پر لاہور کے علاقے ڈیفنس میں نامعلوم ملزمان نے حملہ کیا تھا۔ اقرار الحسن نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ ان پر حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ ڈیفنس کے علاقے کے بلاک میں ڈی ایچ اے پولیس سٹیشن کے سامنے موجود تھے۔ نامعلوم افراد نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے
