international memon organization ke wafad ka karachi press club ka dora

انٹرنیشنل میمن آرگنائزیشن کے وفد کاکراچی پریس کلب کا دورہ۔۔

انٹرنیشنل میمن آرگنائزیشن کے صدر آصف مجید، سیکرٹری جنرل طیب موسانی اور پاکستان چیپٹرکے ہیڈ احمد مناف،حاجی کریم اور دیگر میمن رہنمائوں نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیااورکراچی پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد سے ملاقات کی۔اس موقع پر پریس کلب کے سینئرممبرآصف جئے جا،جاوید میمن، ستار جاوید،عبدالستار آزاداوررفیق ویانی سمیت دیگربھی موجود تھے۔سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے آئی ایم او کے وفد کو کراچی پریس کلب کی تاریخی حیثیت، آزادی صحافت اور جمہوریت کی بقا کے لئے کی جانے والی جدوجہد میں کراچی پریس کلب کے کردار اور اراکین کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔انہوں نے وفد کو موجودہ حالات میں میڈیا ورکرزکو درپیش مشکلات اور معاشی حالات سے آگاہ کیا گیا۔شعیب احمد نے میمن برادری کی خدمات کو سراہا اورکراچی پریس کلب کی تعمیر و ترقی اور اراکین کی فلاح و بہبود کے لئے میمن برادری کی گرانقدر خدمات پر میمن برادری کو خراج تحسین پیش کیا۔سیکرٹری پریس کلب نے کہاکہ آئی ایم او اپنے سالانہ پروگرام میںکراچی کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کو بھی شامل کرے۔کراچی پریس کلب کے لئے معروف بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی ، عارف حبیب ، یحییٰ پولانی، حاجی مسعود پاریکھ ، اشفاق تولہ سمیت میمن برادری سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے ہمیشہ تعاون کیا ہے۔اس موقع پر انٹرنیشنل میمن آرگنائزیشن کے صدر آصف مجید نے کہاکہ کراچی پریس کلب کا نا صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مقام ہے۔ جمہوریت کی بقا اور آزادی صحافت کے لئے جدوجہد کرنے پر ہم کراچی پریس کلب کی قیادت اور پوری صحافی برادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں صحافیوں کے مسائل سے ہم بخوبی آگاہ ہیں، ہماری کمیونٹی صحافی برادری کو ہمیشہ سپورٹ کرتی رہی ہے ہم  آئی ایم او کے پلیٹ فارم سے بھی صحافی برادری سے رابطوں کو مزید بہتر بنائیں گے اور ان کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انٹرنیشنل میمن آرگنائزیشن کے رہنمائوں نے کراچی پریس کلب کے ساتھ رابطوں اور تعاون کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی اور اس امید کا اظہار کیا کہ میمن کمیونٹی کی خدمات اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں انکے کردار اور جدوجہد کو آگے بڑھانے میں صحافی برادری بھرپور تعاون کرے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں