انفارمیشن سروس اکیڈمی وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے اسپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے افسران نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا ۔وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی سعید احمد شیخ نے کی، وفد میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ثنا حامد، صبیحہ چاند، عائشہ اطہر، روحہ خان، انعم اعوان، ارفعہ حسین اور علیشبہ فاطمہ تاجور شامل تھیں۔کراچی پریس کلب کی جانب سے سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد، جوائنٹ سیکرٹری اسلم خان،خازن احتشام سعید قریشی ،ممبرگورننگ باڈی رفیق بشیر،ذوالفقار راجپر،کلثوم جہاں،پی ایف یوجے کی نائب صدرشہر بانو ،سابق نائب صدر کراچی پریس کلب شازیہ حسن، سینئیر فوٹو گرافر قیصر خان نے وفد کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے سی ایس پی امتحانات میں کامیابی پاکر پاکستان کے اہم انتظامی ادارے میں ذمے داریاں حاصل کرنے پر وفد کے تمام ارکان کو مبارکباد بھی پیش کی۔ سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے وفد کو بتایا کہ ملک میں جمہوریت کے بقا اور آزادی اظہار رائے کے لیے کراچی پریس کلب کی جدوجہد کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔کراچی پریس کلب ہردور میں مظلوم طبقات کی آواز رہا ہے اور ہمارا مقصد جمہوریت کے فروغ کے لیے ریاست کے چوتھے ستون صحافت کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اظہار رائے کی آزادی کا دفاع، تحفظ اور فروغ اور اس کے ساتھ عوام تک اطلاعات کی رسائی یقینی بنانا روز اول سے کراچی پریس کلب کا اولین نصب العین رہا ہے۔ کے پی سی نے ہرسطح پرآزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کا بھرپور دفاع کیا اور مختلف ادوار میں مختلف انداز سے اظہار رائے کی آزاد ی پر قدغن لگانے کی کوششوں کے خلاف جدوجہد کی۔کراچی پریس کلب نے صحافتی تنظیموں کے ہمراہ جدوجہد کر کے آزادی صحافت کے منافی تمام کالے قوانین کو ختم کروایا،انہوں نے کہاکہ پاکستان میں میڈیا کی آزادی کو ہمیشہ مشکلات کا سامنا رہا ہے اور اظہار رائے کو سلب کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے، افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے اس بیان پر شدید تحفظات کا اظہارکیا جس میں انہوں نے یہ الزام تراشی کی تھی کہ کراچی پریس کلب اور صحافی تنظیموں کے اجلاس میں پیمرا ترمیمی بل کو بغیر پڑھے مسترد کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا پریس کلب ہونے کے باوجود کراچی پریس کلب کو وفاق کی جانب سے کوئی گرانٹ نہیں دی جاتی،کراچی پریس کلب کی جانب سے وفد کے ارکان کو شیلڈز اور اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا اور افسران کو کراچی پریس کلب کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کرایا۔
انفارمیشن سروس اکیڈمی کے افسران کو دورہ پریس کلب
Facebook Comments