indus news ki bandish sahafion ka ahtejaaj

انڈس نیوز کی بندش، صحافیوں کا احتجاج۔۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی اپیل پر ملک بھر کی طرح کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انڈس نیوز کی بندش میڈیا پر پابندیوں اور مجوزہ پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں کے یو جے دستور اور کراچی پریس کلب کے سینئر رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے صدر کے یو جے اعجاز احمد پی ایف یو جے سندھ چیپٹر کے صدر سعید جان بلوچ پی ایف یو جے کی نائب صدر شہربانو۔ کے یو جے دستور کے نائب صدر اسلم خان کراچی پریس کلب کے سابق سیکریٹری ارمان صابر کے یو جے کے جنرل سیکریٹری عاجز جمالی سینئر رہنما حسن عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے اچانک انگریزی چینل انڈس نیوز کو بند کردیا اور دو سو سے زائد ملازمین کو بیروزگار کردیا۔ ایک جانب پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ قانون پر وفاقی حکومت مسلسل غلط بیانی کر رہی ہے تو دوسری جانب میڈیا پر پابندیوں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی بیروزگاریوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا پر کسی بھی قسم کی قدغن اور پابندیوں کو تسلیم نہیں کریں گے پی ایم ڈی اے کے مسئلے پر حکومت نے پوری قوم کو الجھن میں مبتلا کر رکھا ہے حکومت کو خود ہی سمجھ نہیں آ رہا ہے کہ کیا کرے۔ اور اسی دوران حکومت چینلز کو بند  کرکے ملک میں بیروزگاری بڑھا رہی ہے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرنے والی حکومت نے تین سالوں کے دوران صرف میڈیا انڈسٹری سے بارہ ہزار سے زائد صحافیوں اور ورکرز کو بیروزگار کیا ہے۔ مظاہرے میں شریک تمام صحافتی تنظیموں کے رہنمائوں نے میڈیا پر پابندیوں کی شدید مذمت کی ہے اور صحافتی تنظیموں کے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد پر زور دیا ہے۔ پی ایف یو جے کے مرکزی نائب صدر سعید جان بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیا پر پابندیوں اور پی ایم ڈی اے جیسے قانون خلاف تمام صحافتی تنظیمیں یک آواز ہیں کسی بھی خفیہ قانون سازی کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ مظاہرین نے انڈس نیوز کی نشریات کو بلا تاخیر بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔

How to write on Imranjunior website
How to write on Imranjunior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں