سوشل میڈیا صارفین کمپنیوں کے نام پر انعام کے متعلق گردش کرنے والے جعلی لنکس سے ہوشیاررہیں۔سوشل میڈیا صارفین کا اکاؤنٹ وڈیٹا ہیک کرنے کے لیے ہیکرز کی جانب سے مختلف کمپنیوں کے نام سے جعلی لنکس بھیجے جا رہے ہیں۔ان لنکس میں صارفین کو فری گفٹ کا لالچ دیا جاتا ہے۔ لہذا سوشل میڈیا صارفین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ایسے لنکس سے محتاط رہیں جن کو 5 سے 10 گروپس میں شیئر کرنے پر انعام کا لالچ دیا جاتا ہے۔ بصورت دیگر نقصان کا ذمہ دار صارف خود ہو گا۔سائبر سکیورٹی ایکسپرٹ محمد اسد الرحمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ جو انجانے میں ایسے لنکس پرکلک کر چکے ہیں اور شیئر کر چکے ہیں وہ فوری طور پر شیئر کیے گئے لنکس کو ڈیلیٹ کریں تا کہ دوسرے لوگ اس پر کلک نہ کریں۔ اس کے علاوہ فوری طور پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے پاسورڈ تبدیل کریں اور اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے ٹو سٹیپ ویری فکیشن کا استعمال کریں تا کہ اگر صارفین کی کسی غلطی کی وجہ سے نو سربازوں کے پاس پاسورڈ چلا بھی جائے تو وہ اکاؤنٹ کو صارف کی تصدیق کے بغیر لاگ ان نہ کریں۔
