معروف اینکرپرسن اور صحافی عمران ریاض کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ لاہور ہائی کورٹ میں پیش کر دیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالتی حکم پر ایف آئی اے اور آئی جی پنجاب کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں۔ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات ڈپٹی اٹارنی جنرل طارق بشیر نے پیش کی۔سرکاری وکیل کے مطابق عمران ریاض کے خلاف سائبر کرائم لاہور میں ایک، تھانہ سٹی سانگلہ ہل ننکانہ صاحب میں ایک، تھانہ سٹی اٹک اور تھانہ صدر چکوال میں دو مقدمات درج ہیں۔ عمران ریاض کے خلاف درج دیگر پانچ مختلف مقدمات منسوخ ہوچکے ہیں۔عمران ریاض کی وکیل سلمیٰ ریاض عدالت میں پیش ہوئیں۔ ایڈووکیٹ سلمیٰ ریاض نے کہا کہ عدالت وفاقی وزارت داخلہ سے بھی رپورٹ طلب کرے، جس پر عدالت نے کہا کہ ہمارے سامنے تمام ریکارڈ آچکا ہے۔عدالت نے پیش کردہ رپورٹس کی روشنی میں عمران ریاض کی درخواست نمٹا دی۔