سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس اور پی ٹی آئی کے ردعمل سے لگتا ہے دونوں میں مکمل ڈیڈ لاک ہے، پارلیمان میں پی ٹی آئی کے لوگ موجود ہیں عمران خان پارلیمان کے ذریعے معاملات آگے چلائیں۔ تحریک انصاف کو ریلیف دینا سیاسی قیادت کے ہاتھ میں ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل وڑائچ نے کہا کہ آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس اور پی ٹی آئی کے ردعمل سے لگتا ہے دونوں میں مکمل ڈیڈ لاک ہے جس کے کھلنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کا مؤقف سخت سے سخت ہوتا جارہا ہے دوسری طرف فوج کا مؤقف بھی واضح ہوگیا ہے، سیاسی جماعتوں کو آپس میں مذکرات کرنا چاہیئں اس میں کوئی حرج نہیں ہے، پی ٹی آئی کے کچھ لیڈرز کا بھی مؤقف ہے کہ سیاسی جماعتوں سے بھی بات چیت ہونی چاہیے۔سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو ریلیف دینا سیاسی قیادت کے ہاتھ میں ہے، انتخابات میں دھاندلی پر جیوڈیشل کمیشن کے بجائے پارلیمانی کمیشن بنایا جائے۔